ریاض.... وزارت تجارت نے پیٹرول پمپس پر جعلسازی کا نوٹس لیتے ہوئے وسیع پیمانے پر تفتیش کا آغاز کر دیا ۔ عاجل ویب نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزارت تجارت و سرمایہ کا ری کے ترجمان عبدالرحمن الحسین نے کہا کہ سوشل میڈیا پر پیٹرول اسٹیشن کے بارے میں وائر ل ہو نے والی وڈیو پر فوری ایکشن لیتے ہوئے اسٹیشن مالکان کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیاگیا ہے ۔ پیٹرول پمپ پر جعلسازی کا انکشاف وزارت تجارت و سرمایہ کا ری کے انسپکٹر نے کیا تھا جس کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے اسٹیشن کو سیل کر دیاگیا تھا ۔ الحسین نے مزید کہا کہ مملکت کے مختلف شہروں میں پیٹرول اسٹیشنز پر تفتیشی کارروائیاں جاری ہیں ۔جو بھی جعلسازی میں ملوث پایا گیا اسکے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی ۔ واضح رہے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی وڈیو میں دکھایا گیا تھا کہ ایک پیٹرول اسٹشین میں ایسی ڈوائس لگائی گئی تھی جو پمپ سے منسلک تھی ۔ اسٹیشن کے ملازمین ازدحام کے اوقات میں اسے آن کر دیتے تھے جس سے پیٹرول کی ریڈنگ بڑھ جاتی تھی ۔ ڈیوائس میں جو سسٹم فیڈ کیا گیا تھا اس کے ذریعے ڈیجیٹل پیٹرول پمپس کے میٹرکو کنٹرول کیا جاتا تھا جس سے صارفین کو کم ازکم 300 ملی لیٹر کا فرق پڑتا تھا جو اگرچہ بہت معمولی تھا مگر مقدار بڑھنے کے ساتھ ساتھ اس جعلسازی سے پیٹرول مالکان کو اضافی پیٹرول مل جاتا تھا ۔ اس حوالے سے وزارت تجارت و سرمایہ کاری کے ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ قانون شکنی ہے اور جعلسازی کو کسی طرح قبول نہیں کیا جائے گا ۔ دوسری جانب صارفین کا کہنا ہے کہ انہیں یہ خیال ہی نہیں تھا کہ پیٹرول پمپس پر اس قسم کی جعلسازی کی جاتی ہے ۔