پی ایس ایل 3کے فائنل کی تیاریاں
کراچی: پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کا فائنل ایک روز بعد کراچی میں ہو رہا ہے جس کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ شہر قائد کی تمام اہم شاہراہیں برقی قمقموں سے سجا دی گئی ہیں، اہم شاہراہوں پر کھلاڑیوں کی تصاویر آویزاں ہیں اور نیشنل اسٹیڈیم کے باہر بھی خوبصورتی کےلئے رنگ برنگے پھولوں کے پودے لگائے گئے ہیں۔روشنیوں سے جگمگاتا کراچی پی ایس ایل کے فائنل کی میزبانی کے لئے پوری طرح سے تیار ہے۔ شائقین کرکٹ بھی بے تابی سے فائنل کا انتظار کر رہے ہیں۔گزشتہ کئی برسوں سے سیاسی و ملکی حالات کے باعث کراچی کی روشنیاں ماند پڑ گئی تھیں جو اب بحال ہونا شروع ہو گئی ہیں۔ کراچی آپریشن کے بعد شہر کی صورتحال ماضی کی نسبت بہت بہتر ہے۔پورے ملک کی طرح شہر قائد میں بھی اب امن قائم ہو چکا ہے اور عوام سکھ کا سانس لے رہے ہیں۔ دہشتگردی کے باعث ملک میں کھیلوں کی سرگرمیاں متاثر تھیں۔ اب ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہو رہی ہے اور آئندہ ماہ ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم روشنیوں سے جگمگاتے شہر کراچی میں 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کےلئے آرہی ہے ۔25 مارچ کواسلام آباد یونائیٹڈ اور دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی نیشنل اسٹیڈیم میںآمنے سامنے ہوں گی۔چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کا فائنل کراچی میں منعقد کرانے کا اعلان ایک سال قبل لاہور میں پی ایس ایل 2کے فائنل میں ہی کر دیا تھا۔ ملک میں کرکٹ کے میدان آباد کرنے میںنجم سیٹھی اور ان کی ٹیم کی انتھک محنت کے ساتھ وفاقی حکومت، سندھ و پنجاب کی صوبائی حکومتوں، پاکستان آرمی، رینجرز اور پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کا کردار بھی قابل ستائش ہے۔یہاں تھوڑا سا افسوس ہے کہ کراچی کنگز کی ٹیم فائنل نہیں کھیل رہی لیکن اس سے کوئی فرق نہیں پڑنا چاہئے ، فائنل تو کراچی میں ہو رہا ہے۔