خریداروں کو راغب کرنے کے نئے حربے
لندن .... کاروبار کے پرموشن کےلئے اب بہت ساری بڑی بڑی کمپنیاں بڑے بڑے انعامات کا اعلان کرتی ہیں مگر اس حوالے سے کئے جانے والے سروے کے مطابق ایسی بیشتر کمپنیاں خریداروں کو راغب کرنے کیلئے انعامات کا اعلان تو کرتی ہیں مگر وہ انعام شاذو نادر ہی کسی خوش نصیب کو مل پاتا ہے۔ صورتحال کی ایک وجہ یہ بھی سامنے آئی ہے کہ بعض کمپنیاں اور فرمیں اس وقت انعام دیتی ہیں جب انعام جیتنے والا ان کے مقررہ وقت پر ان کے پاس پہنچ جائے۔ اگر ایسا نہ ہوا یا وہ مقررہ وقت سے آگے پیچھے پہنچا تو اسے کافی چکر لگانا پڑتے ہیں۔ نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ اعلان کردہ سو انعامات میں سے صرف کوئی ایک انعام کسی خوش نصیب کو مل پاتا ہے۔ بعض کمپنیاں تو ایسی بھی ہیں جو کبھی انعامات نہیں دیتیں مگر انعامات کے جھوٹے اعلان کے توسط سے بیمہ پالیسیوں کی حقدار بن جاتی ہیں۔ گاہکوں کو مختلف انعامات کا لالچ دیکر شرکت کیلئے ورغلایا جاتا ہے اور ان کمپنیوں کی ایک چالاکی یہ بھی ہوتی ہے کہ وہ باریک اور چھوٹے حروف میں انعامی اشیاء پر تحریر مرتسم کرتی ہیں۔ جو بالعموم نظروں سے اوجھل رہتی ہیں اور انعامات دھرے کے دھرے رہ جاتے ہیں۔