فلوریڈا ..... مقامی بلدیاتی پولیس نے جو خانگی معاملات بھی دیکھتی ہے 35سالہ مقامی خاتون کیرول اسٹون کو شوہر کے ساتھ بدتمیزی کرنے اور مارپیٹ کرکے اسے زخمی کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ زیادہ تر چوٹ اس کے چہرے اور سر پر آئی ہے۔ عورت کے غصے اور برہمی کی سب سے بڑی وجہ یہ بتائی جاتی ہے کہ اسکا شوہر جس کا نام نہیں بتایا جارہا ۔ اپنی شادی کی سالگرہ کا دن بھول گیاتھا اور اسی بات پر کیرول اسٹون آپے سے باہر ہوگئی تھی اور اس نے اپنے شوہر کی اندھا دھند پٹائی شروع کردی۔ کیرول اسٹون پر اب خانگی تشدد کے علاوہ گھریلو مظالم کی روک تھا م کے حوالے سے بنائے گئے قانون کی مختلف دفعات کا اطلاق کیا جارہا ہے۔ پولیس نے یہ کارروائی شوہر کی شکایت پر کی ہے۔ گرفتاری کے بعد خاتون نے اعتراف کیا کہ اس نے غصے کے عالم میں شوہر کو مارا پیٹا کیونکہ اسکے لئے شادی کی سالگرہ کا دن بیحد اہم تھا اور یہی وہ دن شوہر بھول بیٹھا تھا اور اسے یقین تھا کہ اس دن کو یقینا کسی خاص طریقے سے منائے گا اوراسے خوش رکھے گا مگر جب وہ سالگرہ کے دن بھی خالی ہاتھ پہنچا تو اسے پتہ چلا کہ اس کے شوہر کو یہ بات یاد ہی نہیں تھی کہ آج انکی شادی کی سالگرہ کا دن ہے۔ بیوی کے ہاتھوںشوہر کی پٹائی کی وڈیووائرل ہوگئی ہے اور بتایا جاتا ہے کہ یہ وڈیو شوہر نے خود بنائی ہے اور فوکس نیوز کو بھیج دی جس نے اسے نشر کردیا۔