ٹوکیو.... جاپان کے ایک اسمارٹ قسم کے ہوٹل نے اپنے یہاں قیام کرنے والے لوگوں کی سہولت کیلئے ایسی جدید ترین اور کارآمد چپلیں تیار کی ہیں جو از خود اپنی مقررہ جگہ پر پہنچ جاتی ہیں اور اسے استعمال کرنے والوں کو ان چپلوں کو تلاش کرنے کی ضرورت پیش نہیں آتی۔ باخبر ذرائع کا کہناہے کہ ان چپلوں کی تیاری میں وہی ٹیکنالوجی استعمال ہوئی ہے جو بیشتر از خود چلنے والی گاڑیوں میں استعمال کی جاتی ہے۔ بہت سے لوگ ہوٹل کی اس انوکھی پیشکش کومشہوری کا شعبدہ قرار دے رہے ہیں۔ واضح ہو کہ پہلی بار جب ازخود چلنے والی گاڑیوں کا تصور ایک مقامی کار ساز کمپنی نے پیش کیا تو اس وقت جو حیرانی لوگوں کو ہوئی تھی اب ویسی حیرانی نہیں مگر پھر بھی لوگ اس میں دلچسپی ضرور لے رہے ہیں۔ ان چپلوں میں سنسرز کے علاوہ ایک چھوٹی موٹر لگی ہوئی ہے جو اسے پاور سپلائی کرتی ہے۔ چپل کے زیریں حصے میں چھوٹے وہیل بھی لگے ہیں۔ جبکہ اسکا سول لکڑی کا بنا ہوا ہے۔ اس سسٹم کو جاپانی کمپنی پروپائلٹ پارک سسٹم کا نام دے رہی ہے۔ اسے استعمال کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ استعمال کرنے والے افراد اسے پیروں سے الگ کرنا چاہیں تو اسی میں لگے بٹن کو دبا دیں تو یہ چپل از خود اسی جگہ پہنچ جائیگی جہاں اسے رکھا جاتا ہے۔ سردست اسکی نمائش ٹوکیو سے 47میل دور ہاکون نامی شہر میں ہورہی ہے۔