پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم نے سری لنکا کو کلین سویپ کردیا
ڈمبولا:آئی سی سی ویمن چیمپیئن شپ ون ڈے سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں پاکستانی ٹیم نے اپنی سابق کپتان ثناء میر اور نشرا سندھو کی عمدہ بولنگ کی بدولت میزبان سری لنکا کو مسلسل تیسرے میچ میں شکست سے دوچار کرکے کلین سویپ کامیابی سمیٹ لی۔ پاکستانی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9وکٹوں کے نقصان پر215رنز بنائے تھے۔جوابی بیٹنگ میں سری لنکن ٹیم 107رنز پر آوٹ ہو گئی اور یوں پاکستانی ٹیم نے108رنز سے کامیابی حاصل کرلی۔ثناء میر نے4جبکہ نشرا سندھو نے3وکٹیں لیں۔پاکستانی کپتان بسمہ معروف نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔ اوپنرناہیدہ خان 46،جویریہ خان 30اوربسمہ معروف 26رنز بنانے میں کامیاب ہوئیں ۔ ان کے علاوہ سدرہ امین کے 21اورندا ڈار کے20رنز کی بدولت مہمان ٹیم215رنز اسکور کرنے میں کامیاب ہو گئی تاہم اس کی 9 وکٹیںگریں اور اس میچ میں سری لنکن بولرز نے نسبتاً بہتر بولنگ کا مظاہرہ کیا۔اما کنچنا اور ششی کلا نے2،2کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ ہدف کے تعاقب میں سری لنکن بیٹنگ لائن ایک مرتبہ پھر پاکستانی بولرز کے سامنے بے بسی کا شکار نظر آئی اور اس کی 5بیٹرز کو ڈبل فگرز میں پہنچنے کا موقع بھی نہیں ملا جبکہ2صفر پر آوٹ ہو گئیں۔اوپنر ہیپونی ہانسکا نے اچھی بیٹنگ اور 35رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہیں جبکہ سوگندیکا کماری نے18اورپرسدنی ویراکوڈے نے15رنز کا حصہ ڈالا۔سابق کپتان اور آل راونڈر ثناءمیر نے10اوورز میں27رنز دے کر4جبکہ نشرا سندھو نے8.3اوورز میں18رنز دے کر3سری لنکن کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا۔2وکٹیں ندا ڈار کے حصے میں آئیں اور ایک کھلاڑی کو کپتان بسمہ معروف نے آوٹ کیا ۔ سری لنکن ٹیم 42اوورکی تیسری گیند پر 107رنز پر آوٹ ہوگئی۔