دبئی.... متحدہ عرب امارات میں نیلامی کے دوران ایک قیمتی گھڑی 10 کروڑ روپے میں فروخت ہو گئی ۔ یہ نادر ونایاب گھڑی مصر کے سابق بادشاہ کنگ فاروق کی ملکیت تھی جسے 3.3 ملین درہم میں نیلام کیا گیا۔ اتنی بڑی رقم میں فروخت کے بعد یہ مشرقی وسطیٰ کی تاریخ میں نیلام ہونے والی مہنگی ترین گھڑی بن گئی ہے اور یہ رقم پاکستانی روپوں میں 10 کروڑ 37 لاکھ 45 ہزار بنتی ہے۔سونے سے بنی یہ گھڑی معروف گھڑی ساز سوئس کمپنی نے اس وقت کے مصری بادشاہ کےلئے خصوصی طور پر تیار کی تھی ۔ کنگ فاروق نادرو نایاب گھڑیاں اور لگژری گاڑیاں رکھنے کے شوقین تھے۔ حالیہ دنوں میں نیلامی سے قبل گھڑی کی ملکیت کے حوالے سے ایک تنازع بھی سامنے آیا تھا جس میں شاہی خاندان نے گھڑی چوری ہونے کا دعویٰ کیا تھا تاہم نیلامی کے منتظمین نے اس دعوے کو یکسر مسترد کردیا۔منتظمین نے قیمتی گھڑی کے خریدار کا نام مخفی رکھا ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ اس نیلامی میں دبئی سمیت دیگر ممالک سے خریداروں نے بولی لگائی تھی۔