جے آئی ٹی کی عیاریوں کا بھانڈا پھوٹ رہا ہے ،نواز شریف
اسلام آباد...سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہاہے کہ ایک ہفتہ گزرنے کے باوجود واجد ضیا یہ تک نہ بتا سکے کہ کیا چوری ہوئی ، کہاں چوری ہوئی ،کس نے چوری کی، کس کی چوری ہوئی اور کب چوری ہوئی ۔ کوئی مسروقہ مال برآمد ہوا نہ مال مالک کا کوئی دعوی ہے ۔ بدعنوانی کا بھی کوئی الزام نہیں۔ مقدمہ ہے کہ پھر بھی چلایا جا رہا ہے۔ اس کیس کو توفارغ ہو جانا چاہیے تھا ۔بس ایک ہی تکرار ہے نواز شریف کو سزا دو۔ اب پوری قوم جان چکی ہے کہ اصل کھیل کیا ہے۔ احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب کے اس ٹرائل کا کوئی فائدہ ہو یا نہیں ۔عوام کے سامنے اس کا بھانڈا ضرور پھوٹا ہے ۔جے آئی ٹی نے جو چالاکیاں اور عیاریاں کی تھیں ان کا پول کھل رہا ہے۔انہوںنے کہا کہ سپریم کورٹ نے جو فیصلہ کیا وہ خیالی تنخواہ اور اقامے پر کیا۔ میرا دل کہتا تھا اس کا بائیکاٹ ہونا چاہیے لیکن ہم مقدمہ لڑرہے ہیں۔ اگر بائیکاٹ کرتے تو جے آئی ٹی نے جو جھوٹ گھڑے تھے اس کی حقیقت کبھی نہ کھلتی ۔