کویت ..... کویتی پولیس نے سعودی شہری کو جعلی کویتی شہریت رکھنے کے الزام میں گرفتار کرلیا ۔ ملزم کویتی فوج میں لیفٹیننٹ کے طور پر خدمات انجام دے رہا تھا جبکہ اسکا دوسرا بھائی وزارت داخلہ میں تعینات تھا ۔ کویتی خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی ادارے اس جعل ساز سعودی کے بارے میں تحقیقات کر رہے ہیں جس کے والد نے 1990 میںکویت جنگ کے دوران اپنے بیٹوں کی جعلی کویتی شہریت بنوائی تھی ۔ ملزم نے کویت جنگ کے دوران ایک کویتی شہری کے ساتھ مل کر ڈراما کیا جس میں کویتی شہری کو شناختی کارڈ کے ادارے کو یہ ظاہر کرکے جعلی پیدائشی سرٹیفیکیٹ حاصل کرنا تھے ۔ کویت جنگ کے دوران بڑی تعداد میں کویتی باشندے مملکت میں پناہ گزیں کے طور پر مقیم تھے جہاں انکے یہاں ولادت بھی ہوئی اورسعودی عرب میں بچوں کے عارضی پیدائشی سرٹیفیکیٹ بھی جاری کئے گئے ۔ سعودی شہری نے اپنے کویتی دوست کو مشورہ دیا کہ وہ کویتی ادارے میں ظاہر کرے کہ سعودی عرب میں قیام کے دوران اس کے یہاں 2 جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی اس کےلئے انہو ںنے جعلی سعودی پیدائشی سرٹیفیکیٹس بھی حاصل کر لئے تھے ۔ کویتی نے اپنے دوست کے کہنے پر ایسا ہی کیا اور جعلی پیدائشی سرٹیفیکیٹس دکھا کر انکی جگہ اصلی کویتی سرٹیفیکیٹس حاصل کر لئے ۔ وقت گزرتا گیا اور سعودی بچے جو کویت میں پروان چڑھ رہے تھے بڑے ہوگئے ۔ ایک لڑکا کویتی بری فوج میں بھرتی ہو گیا جبکہ دوسرا وزارت داخلہ میں ملازم تھا ۔ تاہم جعلی کویتی شہریت کا انکشاف کس طرح ہوا اس بارے میں کسی قسم کی معلومات موصول نہیں ہوئیں ۔ کویتی خفیہ ایجنسیوں نے برتھ سرٹیفیکیٹس کا جائزہ لیکر اس امر کی تصدیق کردی ہے کہ سعودی عرب سے حاصل کئے جانے والے پیدائشی سرٹیفیکٹس جعلی تھے جن کی بنیاد پر ملزمان نے کویت میں شہریت حاصل کی ۔ دونوں افراد کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا گیا جس کی سماعت چند دونو ںمیں متوقع ہے ۔