فخر ہے پاکستانی فوج کا سپاہی ہوں، شاہد آفریدی
کراچی:پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ میں آئی پی ایل کھیلنے پر لعنت بھیجتا ہوں۔ کشمیر کے حوالے سے اپنے بیان پر قائم ہوں اور ہندوستانی میڈیا منفی کردار ادا کررہا ہے۔یہ میڈیا ہی ہے جس کی وجہ سے پاکستان اور ہند کے تعلقات کبھی بہتر نہیں ہوسکتے۔ یاد رہے کہ ہندوستانی میڈیا کی جانب سے کشمیر سے متعلق شاہد آفریدی کے بیان کو تنقید کا نشانہ بنا یا گیا جس کے بعد گوتم گمبھیر نے بھی پاکستانی لیجنڈ پر تنقید کی۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ ہندوستانی عوام پاکستانی کرکٹرز سے پیار کرتے ہیں لیکن ہندوستانی میڈیا ہمیشہ کی طرح منفی کردار ادا کررہا ہے، میں نے اس لئے بیان دیا تھا کہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم ہورہے ہیں ،کشمیر ہو یا کوئی اور جگہ جہاں بھی ظلم ہوگا میں آواز اٹھاو ں گا۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ مجھے آئی ایس آئی کا ایجنٹ قرار دیا جارہا ہے۔میں اگر کرکٹر نہ ہوتا تو پاکستان کا فوجی ہوتا۔ میری فوج جو کررہی ہے مجھے اس پر فخر ہے اورمیں بھی پاکستانی فوج کا سپاہی ہوں۔ انہوںنے مزید کہا کہ میں ہندمیں آئی پی ایل کھیلنے پر لعنت بھیجتا ہوں، مجھے بلایا بھی گیا تو کبھی آئی پی ایل نہیں کھیلوں گا، ہماری پی ایس ایل بڑی لیگ ہے۔ وہ دن دور نہیں جب پاکستان سپر لیگ،آئی پی ایل سے بڑی ہوگی۔شاہد آفریدی نے ہندوستانی میڈیا کو خبردار کیا کہ وہ کشمیریوں کے حق میں ان کے بیان کو مثبت لیں اور اپنی حکومت سے کہیں کہ وہ کشمیر میں ظلم وبربریت بند کرے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے کسی ہندوستانی کرکٹر کی کوئی پروا نہیں ۔ ان کے میڈیا کو کہتا ہوں کہ وہ اپنی اصلاح کریں اور عوام سے کہوں گا کہ منفی خبریں دینے والے میڈیا کا بائیکاٹ کریں۔