طائف میں بھی اسکیبیز کے 2مریضوں کا انکشاف
طائف..... مکہ مکرمہ ، جدہ اور مدینہ منورہ کے بعد طائف میں بھی اسکیبیز(متعدی خارش) کا انکشاف ہوا ہے۔ مکہ مکرمہ میں اسکیبیزکے علاج معالجے کیلئے 15مراکز کا قیام عمل میں لایا گیا جبکہ برمی کمیونٹی میں متعدی خارش کے انسداد کے لئے خصوصی طور پر آگاہی مہم شروع کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت طائف کے ترجمان عبدالہادی الربیعی نے کہا ہے کہ طائف شہر میں اسکیبیز کے 2مریضوں کا انکشاف ہوا ہے۔ جن میں سے ایک 40سالہ شخص ہے جو ملٹری اسپتال میں زیر علاج ہے جبکہ دوسری مریضہ 10سالہ طالبہ ہے۔ محکمہ صحت نے مریضوں کے اہل خانہ او رملنے جلنے والوں کا معائنہ شروع کر دیا ہے۔ اس بیماری کے انسداد کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ تمام اسکولوں میں بھی محکمہ صحت کی جانب سے تفتیشی ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔ انہو ںنے کہا کہ طائف میں اسکیبیز انتہائی محدود ہے۔ اسے وباءنہیں کہا جا سکتا۔ وزارت تعلیم کے تعاون سے تمام اسکولوں کے علاوہ مختلف پارکوں اور شاپنگ مالز میں آگاہی مہم شروع کر دی گئی ہے۔ دوسری جانب مکہ مکرمہ میں اسکیبیز کے انسداد اور علاج معالجے کیلئے 15صحت مراکز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ مکہ مکرمہ ریجن میں محکمہ صحت کے ترجمان حمد العتیبی نے کہا ہے کہ کدی، الہجرہ، الکعکیہ، الاسکان، العزیزیہ ، الجموم، النواریہ، الحفائر اور الرصیفہ کے علاوہ دیگر محلوں میں بھی خصوصی صحت مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ ان مراکز سے دوپہر ایک بجے سے رات 9بجے تک طبی سہولتیں حاصل کی جا سکتی ہیں۔ آگاہی مہم کے تحت مکہ مکرمہ کے رہائشیوں کو بتا دیا گیا ہے کہ متعدی خارش کی موجودگی کا شک ہو تو ان مراکز سے رجوع کیا جائے۔ مکہ مکرمہ میں ہی برمی کمیونٹی کے لئے خصوصی طور پر آگاہی مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔ النکاسہ محلے میں برمی کمیونٹی کی بڑی تعداد آباد ہے۔ یہاں جامع الخیاط میں برمی کمیونٹی کو مدعو کیا گیا۔ ماہرین نے انہیں متعدی خارش کے اسباب ، روک تھام اور علاج کے بارے میں مکمل معلومات فراہم کیں۔ آگاہی مہم میں 500افراد نے شرکت کی۔ انتظامیہ نے تقریروں کے علاوہ آگاہی ویڈیو اور سلائیڈ شو کی مدد سے بھی حاضرین کی رہنمائی کی۔ اختتام میں ہدایات پر مشتمل روہنگی زبان میں پمفلٹس مفت تقسیم کئے گئے۔