Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ن لیگ کے رہنما رمیش کمار تحریک انصاف میں شامل

اسلام آباد... ن لیگ کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی رمیش کمار تحریک انصاف میں شامل ہوگئے۔ عمران خان کے ہمراہ پریس کانفرنس میں رمیش کمار نے ن لیگ چھوڑنے کا اعلان کیا ۔ اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ رمیش کمار کو تحریک انصاف میں خوش آمدید کہتا ہوں۔پاکستان میں اقلیتیں برابر کے شہری ہیں۔ا نہیں تحفظ فراہم کرنا ضروری ہے۔ تحریک انصاف اقلیتی برادری کے حقوق کاتحفظ کریگی۔ اقلیتی برادری کے خدشات دور کریں گے۔ عمران خان نے کہا کہ پچھلی مرتبہ نواز شریف اور زرداری نے مک مکا کر کے اپنے امپائر کھڑے کئے۔ اب ایسا نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ کسی صورت انتخابات میں تاخیرنہیں چاہتے۔ انتخابات وقت پر ہونے چاہئیں ، 2013 کے انتخابات میں ریٹرننگ افسران بھی دھاندلی میں ملوث تھے۔ تمام جماعتوں نے کہا کہ دھاندلی ہوئی ، اس مرتبہ دھاندلی کسی صورت نہیں ہونے دیں گے۔ رمیش کمار نے کہا کہ جہاں سے آیا ہوں وہاں پر ٹینشن ہے اور جہاں آیاہوں وہاں خوشی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اقلیتوں کے مسائل کو ایوان میں اٹھایا۔متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین کےلئے جسٹس (ر) رانا بھگوان داس کا نام تجویز کیا ۔چوہدری نثا رنے حمایت کی لیکن نام صدیق الفاروق کا سامنے آیا۔جب سیاسی جماعتیں اردگرد گھومتی ہیں تو وہاں نظریہ گم ہو جاتا ہے۔رمیش کمار نے کہاکہ میرے بعد بھی مزید لوگ تحریک انصاف میں شامل ہوں گے۔
مزید پڑھیں:تحریک انصاف نے امیدواروں سے آن لائن درخواستیں طلب کرلیں

شیئر: