گجرات کی ایک اور کمپنی نے کیا2654کروڑ کا بینک گھپلہ
نئی دہلی۔۔۔۔وڈودرا میں ڈائمنڈ پاور انفراسٹرکچر سے منسلک کمپنی مبینہ طور پر 11بینکوں سے 2654کروڑ روپے کے گھپلے میں ملوث پائی گئی۔دھوکہ دہی کے سلسلے میں درج رپورٹ میں انفورسمنٹ ڈائریکٹورریٹ نے 7مقامات پر چھاپہ مارا ۔ شہر کے گوروا علاقے میں کمپنی کے صدر دفتر ، وڈالا اور رانولی میں کارخانوں اور نظام پورہ اور نیوالکا پوری میں کمپنی کے اعلیٰ ملازمین کی رہائش پر چھاپے مارے گئے۔انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ ( ای ڈی) نے وزارت خارجہ کو خط ارسال کیا کہ کمپنی کے مالکان اور ذمہ داروں کے پاسپورٹ سلب کرلئے جائیں ۔سی بی آئی کی جانب سے درج کرائی گئی ایف آئی آر کی بنیاد پر کالادھن جمع کرنے کے قانون ( پی ایم ایل اے ) کے تحت معاملہ دررج کرنے کے بعد ایجنسی نے چھاپے اور تفتیشی کارروائی شروع کی۔ای ڈی اس بات کی تحقیقات کررہی ہے کہ بینکوں سے لئے گئے قرض کہاں کہا ں استعمال کئے گئے۔سی بی آئی نے کہا کہ کمپنی نے 11بینکوں (پرائیویٹ و سرکاری) سے 2008سے کریڈٹ کی سہولت حاصل کی اور جون2016تک قرض 2654.40کروڑ روپے ہوگئے۔