دوران پرواز مچھروں کی تصویر اتارنے پرمسافرکو طیارے سے اتار دیا گیا
لکھنو..... کئی فضائی کمپنیوں کے بارے میں یہ شکایات موصول ہوتی رہی ہیں کہ انکے طیارے زیادہ صاف ستھرے نہیں ہوتے۔ حد یہ کہ مکھی اور مچھر اور کئی دیگر کیڑے مکوڑے ان کے طیارے کی نشستوں میں نظرآتے ہیں۔ ایسا ہی کچھ یہاںکام کرنے والے ہارٹ سرجن ڈاکٹر سورا بھ رائے کے ساتھ اس وقت پیش آیا جب وہ نجی فضائی کمپنی انڈیگو سے لکھنو سے بنگالورو جانا چاہتے تھے۔ طیارے میں آتے ہی ڈاکٹر سورابھ کو احساس ہوا کہ طیارے میں کافی مچھر ہیں اور جب انہوں نے طیارے کے عملے کو اس جانب متوجہ کرنا چاہا تو عملے کے ارکان آپے سے باہر ہوگئے اور ڈاکٹر سورابھ پر تشدد کی کوشش بھی کی۔ بہرحال ڈاکٹرسورابھ اس سے قبل ہی طیاروں میں مچھروںکی تصویر اتار چکے تھے جس پر عملے کو مزید غصہ آیا تاہم جیت آخر کار ان بدسلوکی کرنے والے عملے کی ہوئی جنہوں نے سیدھے سادے ڈاکٹر پر دہشتگرد ہونے کا الزام لگاتے ہوئے طیارے سے اتار دیا۔ ڈاکٹر رائے اب کمپنی کے خلا ف مقدمہ کرنا چاہتے ہیں۔