Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب اور بحرین نے شام پر امریکی حملوں کی حمایت کردی

ریاض.... سعودی عرب نے شام پر امریکی میزائل حملوں کی حمایت کردی۔ وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہاگیا ہے کہ شام میں بشار الاسد کے عسکری ٹھکانوں کے خلاف امریکہ، برطانیہ اور فرانس کی طرف سے مشترکہ حملوں کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ یہ حملے بشار انتظامیہ کی طرف سے بے گناہ شہریوں پر کیمیائی حملوں کے جواب میں کئے گئے ہیں۔وزارت خارجہ نے امریکہ، برطانیہ اور فرانس کی جانب سے حملوں کی مکمل ذمہ داری بشار انتظامیہ پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ شام میں بشار انتظامیہ کی انسانیت دشمنی پر عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی برقرار ہے۔ شامی انتظامیہ بچوں اور خواتین سمیت نہتے شہریوں پر مظالم کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ دوسری جانب جی سی سی ممالک نے بھی دوما پر کیمیائی حملے کے جوا ب میں کی جانے والی عسکری کارروائی کی بھرپور حمایت کی ہے۔ جی سی سی ممالک کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر عبداللطیف الزیانی نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ بشار انتظامیہ کو معلوم ہونا چاہئے کہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور بے گناہ شہریوں پر کیمیائی اسلحہ سے حملوں پر خاموش نہیں رہا جاسکتا۔ یہ انتظامیہ جنگی مجرم ہے۔ شامی عوام کے المیے کے خاتمے اور شام کو جنگی کیفیت سے نکالنے کیلئے اقوام متحدہ کو ٹھوس اقدامات کرنا ہونگے۔ اسی طرح بحرین نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے شامی انتظامیہ کےخلاف میزائل حملوں کی حمایت کی ہے۔ بحرینی وزارت خارجہ نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ امریکہ، برطانیہ اور فرانس کی جانب سے کی جانے والی کارروائی شہریوں کی سلامتی کیلئے بہت ضروری ہے۔ بحرین سلامتی کونسل کو کیمیائی اسلحہ کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کرتا ہے۔ بحرین شامی بحران کے حل کیلئے عالمی قراردادوں پرعملدرآمد کا بھی مطالبہ کرتا ہے۔

شیئر: