رشتوں میں معاونت کے لئے ریاض کی خواتین کی تقریب
ہمنوا لیڈیز کلب اور سیدات الریاض کی طرف سے فیملیز کے لئے پروگرام
ریاض(ذکاء اللہ محسن)- - - -بیرون ملک آنکھوں میں جیون ساتھی کی تلاش کے سپنے سجائے شادی کے خواہشمند افراد بہت مایوس ہو جاتے ہیں جب انہیں پاکستان اور یہاں سعودی عرب میں رشتے ڈھونڈنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اگر کچھ ویب سائٹس کا وزٹ کرتے ہیں تو اْن کا سامنا اکثر جعلی پروفائلز سے ہوتا ہے۔ اگر پروفائل اصلی بھی ہوں تو ان کے دل میں خوف سا رہتا ہے۔ انہی سب مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے خواتین کی تنظیم’’ ہمنوا لیڈیز کلب ‘‘نے ایک اہم قدم اٹھایا اور اپنے ساتھ ’’سیدات الریاض‘‘ کی ایڈمن محترمہ فاطمہ نیر المعروف ام ابراہیم کو اپنے ساتھ ملا کر ایک ایونٹ تقریب کا اہتمام کیا جس میں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس تقریب کا مقصد فی سبیل اللہ غیر شادی شدہ پاکستانیوں کی شادی کیلئے مناسب رشتوں میں معاونت کرنا اور فیملیز کو ایک دوسرے کے ساتھ ملوانا ہے۔
ہمنوا کی صدر بلقیس صفدر اور جنرل سیکریٹری شمائلہ شہباز نے کہا کہ رشتے لگانا بہت ثواب کا کام ہے اور خواتین کو اپنی معاونت کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ ہمنوااور سیدات الریاض کی ام ابراہیم لوگوں کی مدد کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں جس میں پروفائل بنانے کے بعد ان کی سپورٹ اور حسب خواہش رشتہ تلاش کرنے میں ہر طرح سے لوگوں کی مدد شامل ہے۔
تقریب کی مہمان خصوصی محترمہ عذرا شکور نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریاض کی تاریخ میں ایسا ایونٹ پہلی مرتبہ ہوا ہے اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
تقریب میں خصوصی طور پر مسز تبسم شیخ ، ساجدہ چوہدری اورمسزرخسانہ ریاض نے رشتوں کی تلاش کیلئے رضاکارانہ طور پر اپنی خدمات پیش کیں۔