لندن ..... لندن کے نواحی علاقے آلڈر شاٹ میں 4سرپھرے نوجوانوں کو ایک بس کی پشت سے لٹک کر سفر کرتے ہوئے دیکھنے والے افراد حیران رہ گئے جبکہ آس پاس سے گزرنے والے افراد اس وجہ سے خوفزدہ نظر آئے کہ ان میں سے کوئی بھی ذرا سا جھٹکا لگنے سے نیچے گر جاتا اور جانی نقصان بھی ممکن تھا۔ موقع کا منظر ان لوگوں نے دیکھا جو ایک چوراہے سے گزر رہے تھے اور سرکاری بس جارہی تھی اور پیچھے یہ نوجوان لٹکے ہوئے تھے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کچھ لوگوں نے موقع کی وڈیو اتاری اور اسے جاری بھی کردیا مگر پولیس نے ان لڑکوں کےخلاف کوئی کارروائی نہیں کی کیونکہ انہوں نے کوئی جرم قانونی طور پرنہیں کیا تھا۔ بس کے پیچھے لٹکنے والے چاروں نوجوان شارٹس میں ملبوس تھے اور یہ واقعہ شام ساڑھے 7بجے پیش آیا۔ موقع کی تصویر اور وڈیو بنانے والے 18سالہ ڈین جونز کا کہناہے کہ وہ بس کے پیچھے پیچھے ایک کار میں جارہا تھا۔ ڈرائیونگ اسکا ایک دوست کررہا تھا کہ اچانک چوراہے کے قریب انہوں نے 4 نوجوانوں کو دیکھا جو بس کے پیچھے بھاگ رہے ہیں۔ انہیں بھاگتے دیکھ کر یہ خیال آیا کہ ان سے بس چھوٹ گئی ہے اور وہ اسے پکڑنے جارہے ہیں مگر اس وقت حیرت کی انتہا نہ رہی جب انہوں نے بس کو جاپکڑا اور پشت پر چڑھ کر فوراً ہی نیچے اتر کر دوبارہ بس کے پیچھے دوڑ پڑے اور چڑھ گئے۔ جونز نے کہاکہ یہ ان لڑکو ں کی انتہائی خطرناک حماقت تھی ہمپشائر پولیس کاکہناہے کہ ہمیں چلتی بس میں سے نوجوانوں کے اترنے اور پھر بس کا پیچھا کرکے پشت پر چڑھنے کی اطلاع ملی تھی مگر ایسا کوئی ناخوشگوارواقعہ پیش نہیں آیا جسے جرم کے زمرے میں شامل کیا جائے۔