پاکستانی کبڈی ٹیم میں ہندوستانی کھلاڑی
فیصل آباد: آسٹریلیا میں ہونے والے کبڈی ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم میں ہندوستانی کھلاڑیوں کی شمولیت کیخلاف احتجاج کیا گیا۔ فیصل آباد میں گزشتہ روزکبڈی کھلاڑیوں نے زرعی یونیورسٹی گیٹ سے ضلع کونسل چوک تک احتجاجی ریلی نکالی۔ کھلاڑیوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم میں اپنے کھلاڑیوں کو چھوڑ کر ہندوستانی کھلاڑیوں کو شامل کرنازیادتی ہے۔واضح رہے کہ آسٹریلوی سفارتخانہ نے پاکستان کبڈی ٹیم کے 10 کھلاڑیوں کو ویزے جاری نہیں کئے تھے جس کی وجہ سے کھلاڑی آسٹریلیا نہیں جا سکے اور کبڈی ٹیم کو ایونٹ میں مکمل شرکت نہ ہونے کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان کبڈی فیڈریشن کے ترجمان کے مطابق 14 کھلاڑیوں سمیت 5 آفیشلز نے آسٹریلیا کے ویزے مانگے تھے لیکن صرف 5 کھلاڑیوں اور 4 آفیشلز کو ویزے جاری ہوئے۔ترجمان نے ہندوستانی کھلاڑیوں کو پاکستانی اسکواڈ میں شامل کرنے کی کوئی وجہ نہیں بتائی تاہم ایسا ممکنہ طور پر کھلاڑی پورے کرنے کے لئے کیا گیا۔ شائقین کے مطابق یہ اپنی نوعیت کا انوکھا واقعہ ہے کسی ورلڈ کپ میں 2ملکوں کے کھلاڑی ایک ٹیم میں شامل ہو کر میچ کھیلیں اور وہ بھی روایتی حریف ٹیموں کے کھلاڑی ہوں ۔