Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

متحدہ مجلس عمل بھی مینار پاکستان پر جلسہ کرے گی

لاہور ....امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ متحدہ مجلس عمل 13 مئی کو مینار پاکستان پر جلسہ کرے گی ۔سرمایہ دارانہ ، جاگیردارانہ نظام اور منافقانہ سیاست کے خاتمے کے لئے متبادل نظام د یں گے۔ ایوانوں کے دروازے کرپٹ اور قومی خزانہ لوٹنے والوں کے بجائے غریب کے لئے بھی کھلیں گے ۔ موجودہ اسٹیس کو کی سیاست نے عوام کو عزت کی زندگی سے محروم کیاہے ۔ہم نے غریب کے لئے سیاست کا موٹروے کھولناہے ۔ منصورہ میں جماعت اسلامی پنجاب کے زیراہتمام کنونشن سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ 2018 ءکا الیکشن قریب ہے ۔ سیاسی مسافروں نے پارٹیاں تبدیل کرنا شروع کردیں ۔ یہ ایسے خوش قسمت یتیم ہیں جن کی کفالت کرنے کے لئے ہر پارٹی تیار ہوتی ہے ۔ انہی لوگوں نے ہماری سیاست کو بدنام کیاہے ۔ سیاسی پارٹیوں کو کرپٹ عناصر کی حوصلہ افزائی نہیں کرنی چاہیے ۔ انہوںنے جس پارٹی کو چھوڑا ہے اس میں کیا کردار ادا کیا تھا جو دوسری پارٹی میں شامل ہو کر مثبت کردار ادا کریں گے ؟ ۔ سیاسی جماعتوں کو کرپٹ عناصر کی حوصلہ افزائی کی بجائے ان کا الٹرا ساونڈ کرناچاہیے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی اور ایم ایم اے آئندہ انتخابات میں کرپٹ ، نیب زدہ ، قرضے معاف کرانے والوں اور قومی دولت لوٹ کر باہر کے بینکوں میں جمع کرانے والوں کو ٹکٹ دینے کی بجائے صاف ستھرے ، دیانتدار اور صاحب کردار باصلاحیت لوگوں کوٹکٹ دے گی ۔سراج الحق نے الیکشن 2018 ءکے لئے منصورہ میں فنڈریزنگ کا بھی افتتاح کیا ۔ 
مزید پڑھیں:مینار پاکستان پر نئی تاریخ رقم ہوگی،عمران خان

شیئر: