وی آئی پی پروڈکشن کا ’’کھیلو اور جیتو‘‘ گیم شو
گیم شو کو دیکھنے کیلئے سیکڑوں مردو خواتین کے علاوہ بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی، پاکستانی پکوانوں کے اسٹال
ذکاء اللہ محسن
وی آئی پی پروڈکشن کے نوجوانوں کی کوشش رنگ لائی اور اہلیان ریاض کو انہوں نے " کھیلو اور جیتو " گیم شو کا انعقاد ممکن بنا دیاـ۔ اپنی نوعیت کا یہ پہلا گیم شو تھا جس میں دھنک کے رنگوں کی طرح سبھی رنگ نمایاں تھے۔پارک میں منعقدہ گیم شو کو دیکھنے کیلئے سیکڑوں مردو خواتین کے علاوہ بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ایک جانب مستی کیلئے جھولے موجود تھے تو دوسری جانب پاکستانی پکوانوں کے اسٹال تھے جن پر روایتی کھانوں نے خوب مزہ دوبالا کیااور پھر شروع ہوا کھیلو اور جیتو گیم شو جس کے اسٹیج پر مردو خواتین اور بچوں کے جیتنے کے کئی انعامات رکھے گئے تھے۔
وی آئی پی پروڈکشن کے ڈائریکٹر عمیر شیخ نے اسٹیج پہ آتے ہی ایسا رنگ جمایا کہ ہنسی اور مذاق کا جیسے سمندر امڈ آیا ہو۔ ہر چہرے پر ان کی باتوں سے مسکراہٹ اورجوش وجذبہ بھی بیدار ہو رہا تھا ۔ گیم شو آغاز سے ہی پرجوش نظر آیا۔ پاکستانی ڈھول کی تھاپ نے شرکاء کو ایسا جکڑا کے منچلے نوجوان بھنگڑا ڈالے بنا نہ رہ سکے۔پھر شروع ہوا ایک ایسا گیم شو جس کو مدتوں یاد رکھا جائے گا۔ مختلف گیمز میں جیتنے والے بچوں نے انعامات حاصل کیے تو پھر باری آئی شادی شدہ نئے جوڑوں کی جنہوں نے بھی مختلف گیمز میں اپنے جوہر آزمائے اور ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش کرتے رہے اور مقا بلے جیتنے کے بعد پیش قیمت انعامات بھی حاصل کرکے اسٹیج سے روانہ ہوئے۔ نوجوان نے کبھی گانا گا کر اور کبھی مشکل اور آسان سوالات کا جواب دے کر انعامات اپنے نام کیے۔گیم شو کا ہر لمحہ قابل قدر رہا۔
وی آئی پی پروڈکشن کے ڈائریکٹر عمیر شیخ نے بتایا کہ جیسے ہی سعودی گورنمنٹ نے انٹرٹینمنٹ کے حوالے سے اجازت دی تو انہوں نے بھی گیم شو کے آئیڈیا کو عملی جامہ پہنانے کی ٹھان لی جس میں وہ سعودی گورنمنٹ کے بہت مشکور ہیں کہ انکی اجازت سے اتنا کامیاب گیم شو منعقد ہو سکا۔
وی آئی پی کے ارکان: وقار نسیم وامق، عادل شیخ، نافع حسین، فیصل باجوہ، بلال ارشد اور دیگر نے اردو نیوز کو بتایا کہ ہمار اگیم شو کے انعقاد کا مقصد پاکستانی کمیونٹی کو اچھی اور معیاری تفریح مہیا کرنا تھا جس میں ہم یوں کامیاب ہوئے ہیں کہ نہ صرف پاکستانی بلکہ سعودی شہریوں نے بھی اس میں بھرپور شرکت کی ہے جوکہ ہمارے لئے قابل فخر بات ہے۔انہوں نے کہا کہ نالج کور کے روح رواں عامر شہزاد، مدینہ مارکیٹ، کریم، چوہدری نصیر، تصدق گیلانی، مبین چوہدری اور دیگر افراد نے بھرپور تعاون کیا ۔ وی آئی پی پروڈکشن کے ارکان کا کہنا تھا کہ ان کی آئندہ بھی بھرپور کوشش ہوگی کہ اس طرح کے کمیونٹی کے لئے رنگارنگ پروگرام ترتیب دیتے رہیں۔