زیادتی کا شکار لڑکی کی شکایت پر زندہ جلا دیا گیا
نئی دہلی- - - - ریاست جھارکھنڈ میں لڑکی کی بے حرمتی کے بارے میں گاؤں کےسردار کو مطلع کرنے پر لڑکی کو زندہ جلا دیا گیا۔گزشتہ روز ترجمان ضلعی پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ اس افسوس ناک واقعے میں ملوث ہونے کے الزام میں 14افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔16 سالہ لڑکی کے والدین نے اپنی بیٹی کی بے حرمتی کئے جانے کی شکایت گاؤں کے سردار سے کی تھی،جس کے بعد جرگے نے ملزمان کو 100اٹھک بیٹھک کرنے اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ۔سزا سننے کے بعد ملزمان غصے میں آ گئے اور انھوں نے متاثرہ لڑکی اور اسکے والدین کو مارنا پیٹنا شروع کر دیا۔اسکے بعد انھوں نے لڑکی کو آگ لگا دی۔ترجمان پولیس کے مطابق 2ملزمان نے والدین کو مارا پیٹا اور ان کے مکان میں داخل ہوئے جہاں انھوں نے اپنے ساتھیوں کیساتھ مل کر متاثرہ لڑکی کو آگ لگا دی۔ملزمان نے متاثرہ لڑکی کو اسکے گھر سے اس وقت اغوا کیا جب اسکے والدین شادی میں شرکت کیلئے گئے ہوئے تھے۔پولیس کے مطابق 2افراداُسے گاؤں کے نزدیک جنگل میں لے گئے تھے۔جب لڑکی نے اس واقعے کے بارے میں اپنے والدین کو آگاہ کیا تو وہ اسے گاؤں کے سردار کے پاس لے گئے تاکہ ملزمان کو سزا دی جا سکے۔پولیس کے مطابق اس نے 14 افراد کو حراست میں لیا جن سے اس بارے میں تحقیقات کی جار رہی ہیں۔حملے میں ملوث ایک شخص تاحال لاپتہ ہے۔دوسری جانب جرگے کے اراکین کیخلاف غیر قانونی احکامات دینے پر کارروائی کی جا رہی ہے۔