جموں کشمیر :مسلح جھڑپ میں پروفیسر سمیت 5 عسکریت پسند ہلاک
سری نگر۔۔۔۔۔جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان کے بڈگام میں اتوار کی صبح عسکریت پسندوں اور سیکیورٹی فورسز کےدرمیان مسلح جھڑپ میں حزب المجاہدین کے اعلیٰ کمانڈر صدام اور کشمیر یونیورسٹی کے اسسٹنٹ پروفیسر محمد رفیع بٹ سمیت5عسکریت پسند ہلاک جبکہ 2سیکیورٹی اہلکار شدید زخمی ہوگئے ۔انتظامیہ نے حفاظتی اقدامات کے پیش نظر جنوبی کشمیر میں انٹر نیٹ سروس معطل کردیں۔ ریاستی پولیس کےمطابق تمام ہلاک شدگان حزب المجاہدین کے رکن تھے۔ شوپیاں کے ہیف نامی گاؤں کے رہنے والے 26 سالہ صدام نے 2015 میں حزب المجاہدین میں شمولیت اختیار کی تھی۔وہ حزب المجاہدین سے پہلے لشکر طیبہ کے ساتھ وابستہ تھا۔
سماجیات میں جونیئر ریسرچ فیلو شپ (جے آر ایف)رکھنے والے محمد رفیع2روز قبل لاپتہ ہوگئے تھے۔ نیشنل کانفرنس کے کارگزار صدر عمر عبداللہ نے کشمیر یونیورسٹی کے پروفیسرسے عسکریت پسند بننے والےمحمد رفیع بٹ کی جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں ہلاکت کو المناک قرار دیا ۔انہوں نے کہا کہ پروفیسرکی ہلاکت سے اُن لوگوں کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں جو کشمیر میں برپا تشدد اورلاتعلقی کا حل ملازمتوں اور ترقیاتی اسکیموں میں تلاش کرتے ہیں۔