یوپی: یکساں نظام تعلیم کیلئے این سی ای آر ٹی کا کورس نافذ
لکھنؤ- - - -تعلیمی نظام کو یکساں بنانے کیلئے ریاستی حکومت نے این سی ای آر ٹی کا کورس نافذ کردیا ہے۔ حکومت کی کوششوں سے بچوں کیلئے کافی کم قیمت پر کتابیں بھی چھاپی گئی ہیں لیکن بازار میں منافع کی خاطر کتابیں طلباء تک پہنچ ہی نہیں ر ہیں۔ منافع نہایت کم ہونے سے دکاندار کتابیں دینے سے کترا رہے ہیں۔ این سی ای آر ٹی نے ثانوی تعلیمی بورڈ کو کتابیں چھپوانے کا ذمہ دیا تھا۔ اوپن ٹینڈر کی بنیاد پر پبلشروں نے این سی ای آر ٹی کے تناسب میں کافی کم قیمت پر کتابیں چھاپی ہیں۔ ان کتابوں پر آدھی قیمت ہی پرنٹ ہے۔ قیمت کم ہونے کا سیدھا فائدہ سرپرستوں کو ملنا ہے۔ کتابیں چھاپنے والے پبلشروں نے بازار میں کتابیں بھیج دی ہیں لیکن طلباء تک وہ نہیں پہنچ پا رہیں۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ انہیں کتابیں مل ہی نہیں رہیں۔ کتاب کے ساتھ گائڈ لینے کا دبائو بنا رہے ہیں۔ پبلشر کا کہنا ہے کہ وہ گائڈ چھاپتے ہی نہیں۔ محکمہ چاہے تو جانچ کراکر کتابیں ڈمپ رکھنے والوں پر کارروائی کرسکتا ہے۔