یوم آزادیٔ صحافت پر پاکستان جرنلسٹ فورم کی تقریب
صحافت کے گرتے ہوئے معیاراور صحافیوں کے عدم تحفظ پر تشویش کا اظہار
* * * *
جاوید راہو۔ جدہ
یوم آزادیٔ صحافت پر جدہ میں پاکستان جرنلسٹ فورم کی ایک پروقار تقریب فورم کے صدر شاہد نعیم کی زیر صدارت منعقد ہوئی جس میں اردو نیوز کے ایڈیٹر ز خالد خورشید،شہزاد اعظم،روزنامہ پاکستان اور اب تک کے اسد اکرم،سعودی گزٹ کے مسرت خلیل ،آج ٹی وی اور جہاں پاکستان کے جمیل راٹھور،چینل 10 کے امانت اللہ، 24 چینل کے خالد چیمہ،جاگ ٹی وی کے نور الحسن اوروقت نیوز اور نوائے وقت کے امیر محمد خان نے خطاب کیا۔
مقرروںنے اپنے خطاب میں پاکستان میں صحافت کے گرتے ہوئے معیاراور ایماندار صحافیوں کی جا ن و مال کے عدم تحفظ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ امن و امان قائم کرنے کے ذمہ داروں کو صحافیوں کے پیشہ ورانہ خدمات کو تحفظ دینا چاہئے نیز ایماندار صحافیوں اور میڈیا سے منسلک دیگر کارکنوں کے معاشی حالات کی بہتری کیلئے حکومت فوری اقدام کرے۔میڈیا کے ادارے خبروں اور صحافتی ذمہ داریوں پر صحافت کے رموز سے واقف افراد کو ملازم رکھے۔
اجلاس میں ایک متفقہ قرارداد میں سیاسی اور ثقافتی و فلاحی تنظیموں سے درخواست کی کہ وہ ایسے صحافیوں و اداروں کا بائیکاٹ کریں جو بد عنوانی میں ملوث ہوں۔ پاکستان کی حکومت اور وزارت اطلاعات آزادیٔ صحافت کے تحفظ جو صحافی تنظیموں PFUJ وغیرہ نے بہت قربانیاں دیکر حاصل کی ہے، کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات کرتے ہوئے پاکستان میں صحافت کو حفاظت فراہم کریں۔
اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ نوائے وقت کے نمائندے ذیشان کے اصل قاتل حکمران جماعت سے تعلق رکھتے ہیں ۔مجرموں کو فوری سزا دیں۔