Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈاکٹر محمد ریاض چوہدری کی کتاب "خوشبو کے جھونکے " کی تقریب رونمائی

جن معاشروں میں ادب کو فروغ دیا جائے وہ بہتری کی جانب گامزن ہوتے ہیں، سردار خٹک
 ذکاء اللہ محسن -ریاض 
                                                  
سعودی عرب میں معروف ادبی تنظیم’’حلقہ فکروفن‘‘کے صدر ڈاکٹر محمد ریاض چوہدری کی کتاب "خوشبو کے جھونکے " کی رونمائی تقریب سفارتخانہ پاکستان ریاض کے چانسری ہال میں منعقد ہوئی جس میں ادب سے لگاؤرکھنے والے پاکستانی کمیونٹی کے مرد و خواتین کے علاوہ سفارتخانہ پاکستان کے اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی۔
     تقریب کی صدارت سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق کی نیابت کرتے ہوئے قائم مقام سفیر پاکستان سردار محمد خٹک نے کی ۔ نالج کور کے سرپرست اعلیٰ شہزاد عالم صدیقی نے بطور اعزازی مہمان شرکت کی۔
     تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید سے کیا گیا جس کا شرف ڈاکٹر محمود باجوہ کو حاصل ہوا اور ہدیہ نعت معروف نعت خواں محمد اصغر چشتی نے پیش کیا۔ حلقہ فکروفن کے جنرل سیکریٹری وقار نسیم وامق نے نظامت کے فرائض سر انجام دیتے ہوئے سفارتخانہ پاکستان میں منعقدہ تقریب میں آنے والے تمام معزز مہمانوں اور حاضرین کو خوش آمدید کہا اور کتاب کا تفصیلی تعارف پیش کیا۔
    مقررین ڈاکٹر زید مرتضیٰ ملک،محمد خالد رانا ،ڈاکٹر ندیم احمد بھٹی ، حافظ عبدالوحید نے کتاب  "خوشبو کے جھونکے " کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ یہ کتاب ادب کی دنیا میں اہم ترین اضافہ ہے۔ڈاکٹر محمد ریاض چوہدری نے کتاب میں کوشش کی ہے کہ عام فہم موضوعات کو زیر بحث لائیں تاکہ ہر شخص اس سے مستفید ہو سکے ۔
     ’’خوشبو کے جھونکے‘‘ کے مصنف ڈاکٹر ریاض چوہدری کا کہنا تھا کہ آج ’’خوشبو کے جھونکے ‘‘کی بہت خوبصورت انداز میں رونمائی کی گئی ۔ میرے لئے فخر اور اعزاز کی بات یہ بھی ہے کہ شہر کی اہم اور قدآورادبی شخصیات نے اس کتاب کو سراہا ، مضامین پڑھے اور اظہارِ خیال کیا۔
    تقریب کے صدر قائم مقام سفیر سردار محمد خٹک کا کہنا تھا کہ جس معاشرے میں ادب کو فروغ دینے کا کام ہو وہ معاشرے ہمیشہ بہتری کی جانب گامزن ہوتے ہیں۔ ایسے لوگ ہمارا سرمایہ ہیں ۔
    آخر میں نالج کور اکیڈمی کی جانب سے ڈاکٹر محمد ریاض چوہدری کو انکی ادبی خدمات پر اعزازی شیلڈ دی گئی اور حلقہ فکروفن کی جانب سے پروفیسر شہزاد عالم صدیقی کو بھی اعزازی شیلڈ سے نوازا گیا۔ ڈاکٹر محمد آصف قریشی کی دعائے خیر کے ساتھ تقریب اختتام پذیر ہوئی۔
مزید پڑھیں:- - - - -کویت میں عدنان سمیع کے ساتھ ایک شام

شیئر: