Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یونس خان کی روڈ سیفٹی مہم میں شرکت

کراچی:سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز یونس خان نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کو آئرلینڈ اورانگلینڈ میں سلیکشن کمیٹی کی جانب سے تجربہ کار بیٹسمین کو منتخب نہ کرنے کا فیصلہ نقصان دہ ثابت ہوگا۔ موٹر وے پولیس کی آگہی مہم میں شرکت کے بعد انہوں نے کہا امام الحق کو چاہیے کہ انہیں جو موقع دیا گیا ہے وہ اس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی اہلیت ثابت کریں۔یہ بیرونی دورہ فواد عالم کے انتخاب اور آزمائش کا بہترین موقع تھا ہو سکتا ہے پاکستانی ٹیم کودورے میں ان کی ضرور ت پڑ جائے۔ نوجوان بیٹسمینوں کے انتخاب کا دعویٰ اپنی جگہ لیکن ٹیم کو سینیئر بیٹسمینوں کی بھی ضرورت ہے ۔ ماضی میں ہماری بیٹنگ لائن میں مجھ سمیت مصباح الحق، محمد یوسف اور انضمام الحق تھے لہٰذا فواد عالم کو منتخب کرنا مشکل تھا لیکن اب انہیں قومی ٹیم میں شامل کرنے کا بہترین موقع تھا کیونکہ اس وقت ٹیم میں کوئی سینیئر بیٹسمین موجود نہیں۔ فواد عالم اس وقت اچھی فارم میں ہیں۔ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف فتح کیلئے پاکستانی کھلاڑیوں کو خود اعتمادی سے کھیلنا ہو گا۔ موٹر وے پولیس کی طرف سے سپر ہائی وے پر روڈ سیفٹی مہم میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی اور عوام میں ٹریفک کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ گاڑی میں رکھنے کے لئے ابتدائی طبی امداد کی کٹس بھی تقسیم کیں۔ یونس خان نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ نیشنل ہائی وے اور موٹر وے پولیس نے پولیس کلچر کو تبدیل کیا۔ میرا اس مہم کا حصہ بننے کا مقصد لوگوں میں شعور بیدار کر کے تبدیلی لانا ہے۔ موٹر وے پولیس کے اہلکاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں کو بھی سپر فٹ ہونا چاہیے۔ مکمل فٹنس کے ساتھ ڈیوٹی کرتے ہوئے آپ زیادہ بہتر محسوس کریں گے۔

شیئر: