نارتھمپٹن شائر: پاکستان کی 9وکٹوں سے فتح
نارتھمپٹن:پاکستانی ٹیم نے دوسرے فرسٹ کلاس میچ میں نارتھمپٹن شائر کے خلاف 9وکٹوں سے کامیابی حاصل کرلی۔ کاؤنٹی گراؤنڈ پر ہونے والے4روزہ میچ کے آخری دن نارتھمپٹن شائر نے پاکستان کو فتح کیلئے133رنز کا ہدف دیا تھا جوپاکستانی ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں آوٹ ہونے والے واحد بیٹسمین اظہر علی تھے جنہوں نے 10رنز بنائے ۔ امام الحق نے 6چوکوں کی مددسے 59رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ناٹ آوٹ رہے ، حارث سہیل نے بھی نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 55رنز بنائے۔ دوسری وکٹ کی شراکت میں ناقابل شکست 120رنز بنا کر ٹیم فتح دلادی- پاکستان کے نوجوان لیگ اسپنر شاداب خان نے میچ میں10وکٹیں حاصل کیں۔ اس میچ میں پاکستانی ٹیم نے میزبان نارتھمپٹن کو پہلی اننگز میں 259رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد اسد شفیق کی سنچری اور186رنز کی بدولت 428رنز بنا کر 169رنز کی برتری حاصل کی تھی، حارث سہیل نے79اور بابر اعظم نے57رنز بنائے تھے۔ دوسری اننگز میں نارتھمپٹن نے کپتان روب نیوٹن کی سنچری اور جوشوا کوب کی نصف سنچری کی مددسے 301رنزبنائے،دونوں نے بالترتیب118اور 52رنز کی اننگز کھیلیں ۔شاداب خان اور راحت علی نے4-4وکٹیں لیں۔ اس طرح نارتھپمٹن نے 133رنز لی برتری حاصل کی اور یہی پاکستان کے لئے ہدف بھی قرار پایا ۔ پاکستانی بیٹسمینوں نے 27اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر134رنز بنا کر دورے کی پہلی فتح سمیٹ لی۔دورے کا باقاعدہ آغاز 11مئی کو آئرلینڈ سے ٹیسٹ میچ کے ساتھ ہو گا ، آئر لینڈ کی ٹیسٹ تاریخ کا یہ پہلا میچ ہوگا۔