احسن اقبال پر حملے کی مذمت کرتے ہیں، کویت میں مقیم پاکستانی
کویت(محمد عرفان شفیق)مسلم لیگ ن کویت کے اراکین نے وزیر داخلہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملہ کی بھرپور مذمت کی ہے۔ مسلم لیگ ن کویت لیبر ونگ کے صدر زبیر شرفی نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیر داخلہ پر حملہ افسوسناک ہے اور سیکیورٹی اداروں پر سوالیہ نشان ہے۔حملہ میں ملوث تمام افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ تمام ارکان وزیر داخلہ احسن اقبال کی صحت یابی کے لئے دعاگو ہیں۔ اسکے علاوہ دیگرسماجی و سیاسی تنظیموں نے بھی وزیر داخلہ پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔دوسری طرف پاکستان بزنس سنٹرکویت کے ڈائریکٹر اورپاکستان ٹوورازم کوآرڈینیٹر برائے کویت حافظ محمدشبیر نے نارووال میں پاکستان کے وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال پر فائرنگ کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ سیاست میں عدم برداشت کے باعث ایسے واقعات رونما ہورہے ہیں، جس کے نتیجہ میں بیرون ممالک میں پاکستان کے بارے میں منفی تاثرپیدا ہوگا اور دشمنوں کو پراپیگنڈہ کا موقع مل جائے گا۔ سیاحت کا شعبہ بھی متاثر ہوگا۔ لوگ یہی کہیں گے کہ جہاں وزیرداخلہ محفوظ نہ ہو وہاں عام آدمی کو کیا تحفظ مل سکے گا۔ یہ کیسی سیاست ہے، جو نفرت کا سبق دے۔ سیاست میں ذاتیات پر تنقید نہیں ہونی چاہیے۔ ہمارا مذہب اس بات کی قطعا اجازت نہیں دیتا، حکومت ہو یا اپوزیشن سب کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے اوربرداشت کا ثبوت دینا چاہیے۔ حافظ محمدشبیر نے کہا کہ مشرف دور میں بھی پاکستان میں سیاحت کا شعبہ بری طرح ڈوب چکا تھا ، سیاح پاکستان کا رخ کرنے سے گھبراتے تھے۔ موجودہ دور حکومت نے جب چوہدری عبدالغفور کو محکمہ ٹوورازم کا منیجنگ ڈائریکٹر بنایا تو انہوں نے غیر ملکی سیاحوں کا اعتماد بحال کرنے کیلئے دن رات محنت کی اور آج پاکستان میں ٹوورازم ڈیپارٹمنٹ ایک مرتبہ پھر منافع بخش ادارہ بن چکا ہے۔ غیر ملکی سیاح پاکستان کو ترجیح دے رہے ہیں۔ ایسے صورتحال میں وزیرداخلہ جیسی نمایاں شخصیات پر حملہ غیرملکی سیاحوں پر بڑا منفی تاثر چھوڑے گا لہذا حکومت اور اپوزیشن کو ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے مشترکہ طور پر حکمت عملی تیار کرنی چاہیے اور سیاسی بیان و تقاریر میں اس قدر اشتعال پیدا نہ کیا جائے کیونکہ انکے پیروکار مخالف سیاستدانوں پر حملہ کرنے کا سوچنے لگیں۔