فرائض ادا کئے بغیر حقوق کا مطالبہ اچھی بات نہیں، ساجد میر
مرکزی جمعیت اہلحدیث سعودی عرب کے زیر اہتمام اجتماع سے فضائل رمضان پر خطاب، عبدالمالک مجاہد ، محمد یوسف پسروری اور خالد اکرم رانا کی تقاریر
ریاض(جاوید اقبال) امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستانی سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ مسلمان کے دل کے تقویٰ کا طلبگار ہے کیونکہ دل کا ادب ہمیشہ اسے نیک کام کرنے پر آمادہ کرتا ہے۔ وہ مرکزی جمعیت اہلحدیث سعودی عرب کے زیر اہتمام مقامی مطعم میں منعقدہ اجتماع سے فضائل رمضان کے موضوع پر خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر مرکزی جمعیت اہلحدیث سعودی عرب کے امیر عبدالمالک مجاہد اور معروف پاکستانی مبلغ محمد یوسف پسروری بھی موجود تھے۔ پروفیسر ساجد میرنے واضح کیا کہ انسان کے حقوق و فرائض باہم چلتے ہیں اور یہ کہ معاشرتی بگاڑ کا سبب یہی ہے کہ ہم اپنے حقوق کیلئے تو جدوجہد کرتے ہیں لیکن فرائض سے غفلت برتتے ہیں۔ رسول ا کرم نے تلقین فرمائی کہ اپنے حق کا مطالبہ فرائض کی ادائیگی کے بعد کیا جانا چاہیئے۔ ماہ صیام پر بات کرتے ہوئے پروفیسر ساجد میر نے واضح کیا کہ اللہ تعالیٰ کے ودیعت کئے گئے 2 پروگراموں نماز اور رمضان سے بہتر اور کوئی عملی تدبیر نہیں ہے۔ انہوں نے حاضرین پر زور دیا کہ اس مبارک مہینے میں صبر اور تقویٰ کے اطوار اپنائیں۔ قبل ازیں محمد یوسف پسروری نے پنجابی میں اپنے دلکش خطاب میں تاریخ اسلامی کے مختلف حوالوں سے دین کے محاسن اور استغفار کے فوائد پر گفتگو کی۔ عبدالمالک مجاہد نے مارچ میں لاہور میں منعقدہ ہونے والی عالمی اہلحدیث کانفرنس کو انتہائی کامیاب قرار دیا اور واضح کیا کہ اس کے ذریعے امت مسلمہ کو دعوت اتحاد دی گئی تھی۔ مسلم لیگ (ن) ریاض کے صدر خالد اکرم رانا نے پروفیسر ساجد میر کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں معاشرتی بے چینی کا سبب یہ تھا کہ چیدہ چیدہ افراد کی کردار کشی سے جمہوریت کا تسلسل ختم کیا جارہا تھا۔ پروگرام کے آغاز میں دینی ٹی وی چینل پیغام پر وڈیو فلم دکھائی گئی ۔ ڈاکٹر محمد ریاض چوہدری نے پروفیسر ساجد میر کو اپنی تصنیف " خوشبو کے جھونکے" کا نسخہ پیش کیا۔ تقریب کی نظامت فیصل علوی نے کی جبکہ اس کا آغاز حافظ ریان عبدالوحید نے تلاوت قرآن کریم سے کیا۔ عبدالغفار مجاہد نے نظم سناکر داد حاصل کی۔