جناح ایک عظیم انسان تھے،انکی تصویر لگنی چاہیئے، ساوتری
لکھنؤ۔۔۔۔علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں جناح کی تصویر ہٹائے جانے کے معاملے پر برپا ہونیوالا تنازع ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا۔اس معاملے میں ملک کی مختلف سیاسی پارٹیوں کے رہنماؤں کی جانب سے بیانات کا سلسلہ جاری ہے۔بی جے پی کی باغی رہنما اور رکن پارلیمنٹ ساوتری بائی پھولے نے کہا کہ جناح ایک عظیم انسان تھے،ہیں اور رہیں گے۔ انھوں نے ایک جلسے میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے تعلیمی ماحول کو خراب کرنے کے لیے تنگ نظر فرقہ پرستوں نے جناح کی تصویر کا سہارا لیا ہے۔مسلم یونیورسٹی میں جناح کی تصویر آزادی سے قبل لگائی گئی تھی اس وقت آر ایس ایس اور ہندو نواز تنظیمیں کہاں تھیں؟ محمد علی جناح ایک سیکولر اور قوم پرست لیڈر تھے وہ ہندستان کے عوام کو ہندو مسلم کی عینک سےنہیں دیکھتے تھے بلکہ جس وقت دلتوں کے مسیحا بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کو ہر طرف شکست دینے کی کوشش کی جارہی تھی تو ان کی مدد کے لیے محمد علی جناح ایسے لیدر تھے جو کھل کردفاع کیلئے سامنے آئے تھے۔ جناح نے عظیم مجاہد آزادی شہید بھگت سنگھ کے مقدمے میں برطانوی حکومت کے خلاف کھڑے ہوئے تھے ، اس کے علاوہ بہت سے ایسے مواقع آئے جہاں جناح نے اپنی سیکولر ازم کی مثال قائم کی ہے۔بی جے پی سیاسی فائدہ اٹھانے کے لیے جناح کو موضوع بنا رہی ہے لیکن اس سے کوئی فائدہ حاصل ہونے والا نہیں ۔انہوں نے بہرائچ میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پاکستان محمد علی جناح نے جنگ آزادی کے حصول میں انتہائی اہم کردار ادا کیا۔ان کی تصویر جہاں ضرورت ہو لگنی چاہئے۔قبل ازیں سوامی پرساد موریہ نے جناح کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ قوم و ملک کی تعمیر میں اس عظیم انسان کا تعاون بے مثال رہا۔ان کی شخصیت پر سوال اٹھانا زیب نہیں دیتا۔ ساوتری بائی نے کہا کہ بہوجن سماج کے لوگ ظلم و زیادتی کا شکار ہوتے جارہے ہیں مگر حکومت خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے۔دلتوں پر ہونیوالے مظالم سے عوام کا رخ موڑنے کیلئے دیگر موضوعات چھیڑدیئے جاتے ہیں۔سہارنپور میں بھیم آرمی کے ضلع صدر کے بھائی کے قتل پر حکومت قاتلوں کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کررہی ۔جرائم پیشہ بے لگام ہوتے جارہے ہیں۔ ہر طرف خوف و دہشت کا ماحول ہے۔انہوں نے کہا کہ بات جناح کی نہیں بلکہ عوام کے ذہن کو اصل موضوع سے ہٹانے کیلئے یہ سب کچھ کیا جارہا ہے ۔ جناح عظیم انسان تھے۔ انہیں اعزاز سے نوازا گیا تھالہذاان کی تصویر اعزاز کے ساتھ نصب کی جانی چاہئے۔