مودی کا نعرہ " سب کا ساتھ سب کا وکاس" جھوٹ کا پلندہ ہے، ہنمنت راؤ
حیدرآباد- - - - تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے سینیئر کانگریسی رہنما و سابق رکن اسمبلی وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ کرناٹک میں کانگریس پارٹی دوبارہ برسراقتدار آئے گی۔ بیدرمیں انتخابی مہم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ نریندر مودی کا’’ سب کا ساتھ سب کا وکاس‘‘ نعرہ جھوٹ کا پلندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی سےپاک معاشرے بنانے کی بات بھی محض عوام کو گمراہ کرنے کیلئے کی گئی ۔ مودی کے جھوٹے نعروں اور وعدوں سے عوام عاجز آچکے ہیں۔ عام انتخابات میں عوام سے کئے گئے وعدوں پر عمل کیا گیا ہوتا تو سالانہ 2 کروڑ کے حساب سے اب تک 8 کروڑ نوجوان برسرروزگا ہوتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں کرپشن کے خاتمہ پر بڑے نوٹوں کو راتوں رات منسوخ کرکے بینک کو دھوکہ دینے والے مالداروں کو ملک سے فرار کا موقع فراہم کیاگیا ہے ۔ جو غریب ، حکومت کے فیصلوں کا احترام کرتے رہے ان کو خود بینکوں سے اپنی رقم نکالنے کا بھی موقع نہیں ملا۔ لاکھوں کروڑوں روپے کی لوٹ کھسوٹ کرنے والے وجے مالیہ اور نیرو مودی ملک سے فرار ہوچکے ہیں اور مودی چین کی نیند سور ہے ہیں۔ این ڈی اے حکومت نے کالا دھن بیرون ملک سے لانے کے بجائے سرمایہ داروں کو بیرون ملک فرار کا موقع فراہم کیا۔ انہوں نےکہا کہ جب بدعنوانیوں کے الزام میں جیل کی ہوا کھانے والے یدی یورپا کو وزیر اعلی کا امیدوار بنایاگیا اور کانکنی کے سرغنہ گالی جناردھن ریڈی اور ان کے بھائی کو بی جے پی کا ٹکٹ دیاگیاتواس سے شفاف اور بدعنوانی سے پاک قائدین کی زیر قیادت حکمرانی سے متعلق مودی کے دعوؤں کی قلعی کھل گئی۔