ن لیگ کے بکھرنے کی افواہیں، طوفان ٹل گیا؟
کراچی(صلاح الدین حیدر) (ن) لیگ کے بکھرنے کی افوا ہیں جو کہ سارے ملک میںاتوار کی رات سے گردش کررہی تھیں۔ سراسر غلط ثابت ہوئیں۔نواز شریف کے اس بیان نے کہ وہ اپنے ممبئی حملہ کے بیان پر قائم ہیں نے اپنا کام دکھا دیا۔عام توقعات یہی تھیں کہ نہ صرف (ن )لیگ کے ممبران پارلیمنٹ اپنے قائدکے ہند نوازبیان سے نالاں وشرمندہ ہیں۔شاید ان کاساتھ چھوڑ دیں۔ اس کے بالکل برعکس ہوا۔ یہاں تک کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے قومی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں جسے آرمی کے کہنے پر بلایا گیا تھانے سابق پرائم منسٹر کے خلاف قرار دادِ مذمت منظور کی۔اس کے باوجود شاہد خاقان عباسی نے شرکاءکی آراءسے اختلاف کرتے ہوئے یہی کہا کہ نواز شریف کا بیان حقائق سے توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ۔ نوازشریف نے ملکی سلامتی کے خلاف کوئی بات نہیں کہی۔ یہ جملے انہوں نے ہنگامی پریس کانفرنس میں بھی دہرائے پاکستان ٹیلی وژن نے پریس کانفرنس کے منتخب حصے دکھائے۔ ساری پریس کانفرنس کو گول کردیا۔ ملک کے کئی شہروں میں مظاہرے کئے گئے اور لاہور ہائی کورٹ میں درخواست بھی دائر کردی گئی کہ نواز شریف پر آرٹیکل 6 کے تحت غداری کا مقدمہ چلایا جائے۔عدالت نے درخواست پیشگی سماعت کے لئے منظور کرلی اور کئی جگہ مقدمات قائم ہوئے۔سندھ اسمبلی میں نواز شریف کے خلاف قرارداد ِمذمت منظور کی گئی جس پر تمام پارٹیوں نے سوائے (ن)لیگ کے ممبران نے دستخط کئے ۔شاہد خاقان عباسی نے سلامتی کونسل کے اجلاس کے بعد نواز شریف سے ملاقات کی ۔بعد میں پریس کانفرنس میں ان کا بھرپور دفاع کیا ۔فی الحال یہ کہنا مشکل ہے کہ طوفان ٹل گیا اس لئے کہ عوامی سطح پر غم و غصہ بہت ہے۔ سوات کے علاقے بونیر میں نواز شریف اورمریم نے شاندار جلسہ کیا ۔اب عوام کس طرف ہیں، اس کا اندازہ کچھ دنوں بعد ہی لگایا جاسکے گا۔