2منہ کا سانپ 60لاکھ روپے میں فروخت کرنیوالا گروہ گرفتار
وڈودرا۔۔۔۔۔گجرات کے شہر وڈدورا میں پولیس نے 2منہ کے سانپ کو فروخت کرنیوالے 4افراد کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا۔پوچھ گچھ کے دوران ملزمان نے بتایا کہ اس سانپ کو 60لاکھ روپے میں فروخت کرنے کا پروگرام تھا۔حیوانات کی فلاح و بہبود کی تنظیم کے کارکن راجیش بھاسور نے بتایاکہ سانپ فروخت کرنیوالے گروہ کے بارے میں جب علم ہوا تو فرضی خریداربن کر ان سے رابطہ کیا گیا۔ ان لوگوںنے پہلے فتح گنج بلایا وہاں پہنچے تو وہاں سے امیت نگر آنے کیلئے کہا جہاں پولیس نے انہیں رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔محکمہ جنگلات کے حکام نے بتایا کہ گروہ کے قبضے سے برآمد ہونیوالا سانپ 4فٹ لمبا اور 3.5کلووزنی ہے۔پولیس نے بتایا کہ ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور کالابازار ی کے بڑے ریکٹ کا انکشاف ہوسکتا ہے۔حکام کے مطابق 2 منہ والے سانپ کی عالمی مارکیٹ میں طلب بہت زیادہ ہے۔ اس سے مختلف قسم دوائیں تیار کی جاتی ہیں ۔ بعض ممالک میں سحر اور آسیب کے کام میں استعمال کیا جاتا ہے۔ملائیشیا میں اسے مفید سمجھتے ہیں۔