بغیر ویزے کے ممبئی ایئرپورٹ پہنچنے والے پاکستانی نوجوان کی ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہے۔
مزید پڑھیں
-
’پاکستان ٹیم کچھ اس طرح سے ماڈرن ڈے کرکٹ کھیل رہی ہے‘Node ID: 887543
پاکستان سے تعلق رکھنے والے کاروباری اور انفلونسر وقاص حسن کی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ ممبئی ایئرپورٹ پر گھوم رہے ہیں۔
گوکہ پاکستانی پاسپورٹ کے حامل کسی بھی شہری کو انڈیا ویزہ جاری کرتا ہے لیکن کئی ساری سختیوں اور دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات میں تناؤ کے باعث ویزے کے حصول میں خاصی دشواری پیش آجاتی ہے۔
اس وجہ سے دونوں ممالک کے شہری بہت کم تعداد میں ایک دوسرے کے ملک آتے جاتے ہیں۔
وائرل ویڈیو میں وقاص حسن ممبئی ایئر پورٹ پہنچنے کی ساری کہانی بھی بتاتے ہیں۔
وہ بتاتے ہیں کہ ’میں انڈیگو کی کنیکٹنگ فلائٹ کے ذریعے ممبئی ایئر پورٹ پر اترا ہوں اور یہاں میں نے چھ گھنٹے کا سٹے کیا ہے، میری فلائٹ سنگا پور سے سعودی عرب جا رہی ہے۔‘
’سٹے کے دوران میں نے سارا ایئر پورٹ گھوما ہے، وڑا پاؤ اور کچھ دوسرے کھانے کھائے ہیں اور کچھ چیزیں بھی خریدی ہیں۔‘
وہ ویڈیو میں ممبئی ایئرپورٹ کے عملے کے رویے کے بارے میں بھی بتاتے ہیں۔
وہ کہتے ہیں کہ ’جب میں ایئر پورٹ اترا اور حکام نے میرا پاسپورٹ چیک کیا تو وہ بھی بڑے حیران ہوئے، انہوں کہا کہ ویسے عام طور پر کوئی پاکستانی پاسپورٹ والا انڈیا کی کنیکٹنگ فلائٹ میں آتا نہیں ہے۔‘
’میں پندرہ سال سے سفر کر رہا ہوں۔ کسی نے مجھے نہیں بتایا کہ ہم (پاکستانی) انڈیا کے ذریعے ٹرانزٹ کر سکتے ہیں۔ تو جب میں نے یہ ٹکٹ بک کیا، تو اس میں تھوڑا سا رسک بھی شامل تھا۔‘
وقاص حسن کی یہ ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہو رہی ہے اور انڈین صارفین کمنٹس میں انہیں ویلکم بھی کر رہے ہیں۔
اس وائرل ویڈیو کے علاوہ وقاص حسن نے انسٹاگرام پر انڈیا میں بیتائے اپنے وقت کی کچھ مزید ویڈیوز بھی شیئر کی ہیں۔