نہتے فلسطینی بھائیوں پر اسرائیلی افواج کے مظالم کی مذمت کرتے ہیں، مولانا فضل الرحمان
جدہ( ارسلان ہاشمی ) جمعیت علماء اسلام کے امیراور متحدہ مجلس عمل کے سربراہ مولانا فضل الرحمان عمرہ کی ادائیگی کیلئے مملکت پہنچے انکے ہمراہ مفتی ابرار اور صاحبزادہ حافظ اسجد محمود کے علاوہ دیگر اہل خانہ بھی شامل ہیں ۔ مدینہ منورہ ہوائی اڈے پر انکے استقبال کیلئے بڑی تعداد میں جے یو آئی کے مقامی کارکن موجود تھے۔ مولانا نے اسرائیلی افواج کی جانب سے نہتے فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے بے پناہ مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مظلوم فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے آج بروز جمعہ پاکستان میں ملک گیر یوم احتجاج منایا جائے گا ۔ جے یو آئی کے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ پاکستان کے خلاف استعماری قوتیں لادین عناصر کو آلہ کار بنا کرانکے ذریعے ملک میں لادینیت اور فحاشی کو عام کرنے کی سازشیں تیا ر کررہی ہیں ۔ متحدہ مجلس عمل ان سازشوں کو کسی طرح بھی کامیاب نہیں ہونے دے گی ۔ پاکستان کے خلاف لادین قوتیں جمع ہو چکی ہیں جنہوں نے کبھی بھی پاکستان کو دل سے قبول نہیں کیا تھا ۔ متحدہ مجلس عمل ہر محاذ پر ان سازشی عناصر کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی ۔ مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ متحدہ مجلس عمل کی از سرنو بحالی کا اصل ہدف پاکستان کو حقیقی دشمنوں سے نجات دلانا ہے جو 70 برس سے اس مملکت خداد اد کے نظریے پر مسلسل ضرب لگا رہے ہیں ۔ اس حقیقت سے کسی طور انکار نہیں کیا جاسکتا کہ پاکستان کے قیام کا محرک 2قومی نظریہ تھا جسے مدنظر رکھ کر ہمارے اسلاف نے حصول پاکستان کیلئے جدو جہد کی اور بالاخر دنیا کے نقشے پر پاکستان کا وجود ابھرا ۔ مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا آئندہ انتخابات میں متحدہ مجلس عمل بھرپور حصہ لے گی ۔ پاکستان کے عوام لادین عناصر سے تنگ آچکے ہیں اور اب وہ دینی جماعتوں کی جانب دیکھ رہے ہیں ۔ ایم ایم اے کا بنیادی مقصد پاکستان کو اسکے قیام کے حقیقی مقاصد کی جانب لے جانا ہے تاکہ اسلامی نظام کے ثمرات سے ہر شخص درست معنوں میں مستفیض ہو سکے ۔ مولانا فضل ا لرحمان کا استقبال کرنے والوں میں جے یو آئی مدینہ منورہ کے ترجمان شیخ مولانا ابراہیم قلندرانی ، نائب صدر مولوی علم دین چنہ ، جنرل سیکریٹری مولوی عبداللہ قمر ، عبدالرزاق میروانی ، مفتی اسحاق فراز ، حاجی اسلم ، ممتاز خان، حبیب اعوان ، عبداللہ انصاری ، حافظ ہاشم عمیرکے علاوہ دیگر افرادبھی موجود تھے ۔ مولانا فضل الرحمان نے مسجد نبوی شریف میں نوافل ادا کئے بعدازاں انہیں ہوٹل پہنچا دیا گیا ۔ چند دن مدینہ منورہ میں قیام کے بعد مولانا فضل الرحمان عمرہ کی ادائیگی کیلئے مکہ مکرمہ روانہ ہو نگے جہا ں وہ کمیونٹی سے ملاقات بھی کریں گے ۔