اٹالین اوپن: شارا پووا سیمی فائنل میں جا پہنچیں
روم : روسی ٹینس اسٹار ماریا شارا پووا اٹالین اوپن کے سیمی فائنلز میں پہنچ گئی ہیں ۔ ڈوپنگ کی وجہ سے پابندی کے بعد یہ دوسرا موقع ہے جب شاراپووا کسی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل تک رسائی میں کامیاب رہیں۔ سابق عالمی نمبر ون اس ٹورنامنٹ کے دوران اچھی فارم میں نظر آئی ہیں اور یہ ان کیلئے فرنچ اوپن میں بھی بہترثابت ہوگی۔ فرنچ اوپن کی موجودہ چیمپیئن جیلینا اوسٹا پینکو کے خلاف مقابلے کے دوران شاراپووا پہلا سیٹ ہارنے کے باوجود میچ میں واپس آتے ہو ئے اگلے دونوں سیٹ جیت کرسیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ ٹینس ماہرین کے مطابق ماریا نے اس میچ میں جاری سیزن کی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی لیٹوین حریف کو پچھاڑا جو پہلا سیٹ جیتنے کی وجہ سے بہت پر اعتماد نظرآرہی تھیں۔ میچ 3گھنٹے سے زائد دیر تک جاری رہا اور با لآخر شارا پووا نے 6-7،6-4اور7-5سے فتح سمیٹ لی۔ میچ کے بعد روسی کھلاڑی نے کہا کہ اس طرح کھیل میں واپس آ نا بہت پر لطف رہا اور مجھے اعتماد بھی ملا کہ میں شائقین کی توقعات پر پورا اتری جو میری تمام ناکامیوں کے باوجود میرا ساتھ دیتے آرہے ہیں۔ دوسری جانب ایسٹونیا کی اینٹ کونٹا ٹیوٹ نے عالمی نمبر 2کیرولین وزنیاکی کو ٹورنامنٹ سے باہر کردیا ۔