اسکول میں نوکری دلانے کے نام پر 25لاکھ روپے ٹھگ لئے
بریلی - - -سی بی ایس ای بورڈ کے ذریعہ اسکول میں نوکری کے نام پر شاطروں نے ایک نوجوان سے 25 لاکھ روپئے ٹھگ لئے۔ نوجوان کو تنخواہ کا چیک بینک میں جمع کرنے پر پتہ چلا کہ کھاتے میں پیسہ ہی نہیں ۔ جعلسازی کے شک پر اس نے آر ٹی آئی ڈالی تو پتہ چلا کہ سی بی ایس ای بورڈ کے ذریعہ اس نام سے کوئی اسکول نہیں ۔ نوجوان نے آئی جی سے معاملے کی شکایت کی تو ان کے احکام پر عزت نگر تھانے میں 5 لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔رام پور ضلع کے ملک تھانہ حلقہ میں گائوں کے گورو سنگھ گنگوار نے بتایا کہ وہ تعلیم یافتہ بے روزگار تھا۔ اس دوران اس کی ملاقات بریلی کے شاستری نگر کے جے وی ایس میموریل انٹر کالج کے منیجر وجے بہادر سکسینہ اور دیگر3 لوگوں سے ہوئی۔سکسینہ و مکیش وغیرہ نے اسے جھانسہ دیا کہ بورڈ میں ملازمت کیلئے 10لاکھ روپےخرچ کرنے پڑینگے۔ جھانسے میں آکر کسی طرح 10 لاکھ روپے دے دیئے۔ اس کے بعد انہیں تقرری نامہ دیا گیا۔ گزشتہ سال 18 اپریل کو انہیں ایک اسکول لے کر گئے جہاں جوائننگ کرانے سے پہلے 15لاکھ روپئے سیکیورٹی جمع کرائی گئی۔ ایک ماہ تنخواہ نہیں ملی دوسرے ماہ میں کسی طرح چیک ملا تو بینک میں جمع کرنےپر پتہ چلا کہ کھاتے میں رقم ہی نہیں۔ جب افسروں سے بات کی تو انہوں نے بھی جعلسازی قراردیااور بوگس چیک جاری کرنے والے اسکول کیخلاف کارروائی شروع کردی۔