سڈنی : زہریلی ہشت پامکڑی کار کے دروازے کے ہینڈل سے برآمد
سڈنی..... سڈنی میں رہنے والے ایک شخص کو اپنی کار کے دروازے کے ہینڈل سے انتہائی خطرناک قسم کی مکڑی اس وقت اچانک مل گئی۔ جب وہ گاڑی میں بیٹھنے کیلئے کار کا دروازہ کھول رہا تھا۔ کہا جاتا ہے کہ یہ مکڑی ہشت پا نسل سے تعلق رکھتی تھی اور انتہائی زہریلی تھی۔ علم حیوانات میں اسے ہنٹس مین اسپائڈر کہا جاتا ہے۔ کار کے مالک کا کہناہے کہ اسے کار کے اندر مکڑی کی موجودگی کا اندازہ ایک ہفتے قبل ہوا تھا مگر پھر اچانک مکڑی غائب ہوگئی اور ہزار تلاش کے باوجود نہیں ملی۔ آخر اچانک وہ کار کے ہینڈل کے نیچے چھپی نظر آگئی۔ یہ واقعہ کسی کو بھی حواس باختہ کرنے کیلئے کافی تھا۔ مگر شاید کار کا مالک اس مکڑی سے زیادہ خطرناک خود بھی تھا کیونکہ بقول اسکے اسے سانپوں ، بچھوئوں اور مکڑیوں سے کوئی خوف نہیں آتا۔ اسی وجہ سے اس نے ایک ہفتے تک کار کے اندر اس مکڑی کو ڈھونڈنے کی زیادہ کوشش نہیں کی اور پھر وہ سامنے نظر آگئی۔ موقع کی وڈیو جن لوگوں نے بھی دیکھی ہے وہ زہریلی مکڑی ملنے کے باوجود ڈرائیور کے اطمینان و سکون پر حیران ہیں۔ مکڑی کے جسم پر خطرناک بال بھی تھے۔ کہا جاتا ہے کہ لوگوں نے اس شخص کو سانپوں وغیرہ سے کھیلتے ہوئے بھی دیکھا ہے۔ جہاں تک مکڑیوں کا تعلق ہے تو زیادہ تر خطرناک مکڑیاں آسٹریلیا میں ہی پائی جاتی ہیں اور شاید یہی وجہ ہے کہ جاری ہونے والی وڈیو کو دیکھ کر بہت سے لوگوں نے تبصرہ کیا کہ یہی وجہ ہے جس کے تحت وہ آسٹریلیا منتقل ہونا نہیں چاہتے۔ ہوسکتا ہے کہ آسٹریلیا خوبصورت جگہ ہو مگر ہم ایسی خوبصورت اور خوبصورتی کو لیکر کیا کریں گے جس سے ہماری زندگی کو ہی خطرہ لاحق ہو۔