Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی فاسٹ بولرزکی رینکنگ میں بہتری

دبئی: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان لارڈز میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کے اختتام پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کر دی ،پاکستانی بولرز نے نمایاں بہتری کا مظاہرہ کیا ۔بیٹسمینوں کی پوزیشن میں کوئی خاص فرق نہیں پڑا۔میچ میں 8 وکٹیں لینے والے محمد عباس کی بولنگ رینکنگ میں 9 درجے بہتری آئی ہے وہ 29 ویںسے 20 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔اسی طرح 5 وکٹیں لینے والے محمد عامر 5 درجے بہتری کے ساتھ 32ویں اور 4 وکٹیں لینے والے حسن علی 26 درجے ترقی کرکے 61ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔ بولرز کی رینکنگ میں انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن بدستور دوسرے نمبر پر ہیں۔ پہلی پوزیشن جنوبی افریقہ کے کاگیسو ربادا کے پاس ہے ۔ پاکستانی بیٹسمینوں میں اظہر علی12نمبر پر برقرار ہیں ۔ اسد شفیق26ویں اور کپتان سرفراز احمد41ویں نمبر پر موجود ہیں۔ حارث سہیل اور بابر اعظم کی رینکنگ میں بھی بہتری ہوئی ہے۔ دونوں بیٹسمین بدستور ابتدائی 50 پوزیشنوں سے باہر ہیں۔ انگلینڈ کی جانب سے 70رنز کی اننگز کھیلنے والے ایلسٹر کک کی رینکنگ میں ایک درجے بہتری آئی ہے۔ وہ 16ویں سے 15ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔ابتدائی 3پوزیشنیں بالترتیب اسٹیو اسمتھ، ویرات کوہلی اور جوئے روٹ کے پاس ہیں۔ ٹیم رینکنگ میں ہندپہلے ، جنوبی افریقہ دوسرے اور آسٹریلیا تیسرے نمبر پر ہیں۔ لارڈز ٹیسٹ کے نتیجے سے پاکستان یا انگلینڈ کی ٹیم رینکنگ میں کوئی فرق نہیں پڑا البتہ دوسرا ٹیسٹ جیتنے پر پاکستان ساتویں سے پانچویں اور انگلینڈ پانچویں سے ساتویں پوزیشن پر چلا جائے گا لیکن اگر سیریز برابر رہی تو پھر دونوں ٹیموں کی رینکنگ کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ یکم جون سے لیڈز میں شروع ہوگا۔

شیئر: