سعودی عرب سے شائع ہونے والے اخبار ”عکاظ“ کا اداریہ
الحدیدہ، حرض اور صعدہ وغیرہ مقاما ت سے یمن کی سرکاری افواج اورحوثی باغیوں کے درمیان محاذ آرائیوں کی بابت ملنے والی رپورٹوں سے واضح ہورہا ہے کہ یمن میں استحکام کی بحالی اور یمنی عوام کے پراگندہ شیرازہ کو جمع کرنے سے متعلق آئینی حکومت کا مشن کامیابی کی جانب بڑھ رہا ہے۔یمن کے بیشتر عوام آئینی حکومت کی آواز پر لبیک کہہ رہے ہیں۔
یمن میں ایران کی دراندازی پر چند برس گزرنے کے بعد یمنی عوام میں بیداری کی لہر اٹھ کھڑی ہوئی ہے۔ ایران نے حوثیوں کے لبادے میں یمن کو یرغمال بنانے کی کوشش کی تھی۔یمنی عوام کو اب یقین ہوچلا ہے کہ جب تک وہ ایران کے وظیفہ خوار دہشتگردوں اور خطرات کے علمبرداروں سے نجات حاصل نہیں کرینگے تب تک بات نہیں بنے گی۔
تمام شواہد ظاہر کرتے ہیں کہ آئینی حکومت کے تمام اتحادی حوثیوں کے ساتھ گھمسان کی جنگ میں بالاخر کامیاب ہونگے۔ حوثیوں نے یمن کے معاشرے کے تانے بانے بکھیرنے اور تمام ریاستی اداروں کے حصے بخرے کرنے کا تہیہ کررکھا تھا تاہم انصاف اور حق کی آواز کا بول بالا ہوا اور اب جارحیت پسند استعماری ایرانیوں کی مرضی کے علی الرغم یمن ، اہل یمن کے حوالے ہوجائیگا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭