Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں معین علی شامل

 
لندن:انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے آسٹریلیا اور اسکاٹ لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے الگ الگ ٹیموں کا اعلان کرتے ہوئے انجری کا شکاراین مورگن کو ہی کپتان برقرار رکھا ہے جبکہ معین علی بھی اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔ انگلینڈ کے کپتان مورگن گزشتہ دنوں مقامی لیگ میچ کے دوران انگلی کی انجری کا شکار ہوئے تھے اور فریکچر کے سبب ویسٹ انڈیز کے خلاف ورلڈ الیون کے میچ کی قیادت سے محروم ہو گئے تھے۔اس انجری کے باوجود انگلش سلیکٹرز نے کپتان کو اسکواڈ کا قائد برقرار رکھا ہے تاہم ان کی سیریز میں شرکت فٹنس سے مشروط ہے۔ اسکواڈ میں فاسٹ بولر لیام پلنکٹ کی دوبارہ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ وکٹ کیپر بلے باز جوز بٹلر کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف سیریز میں آرام کا موقع دیا گیا ہے اور ان کی جگہ سیم بلنگز کو شامل کیا گیا ہے۔اس کے ساتھ ساتھ ٹام کرن بھی کینگروز کے خلاف سیریز میں ٹیم میں جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لئے اعلان کردہ انگلش اسکواڈ کپتان این مورگن، معین علی، جونی بیئراسٹو، جوز بٹلر، ٹام کرن، ایلکس ہیلز، لیام پلنکٹ، عادل راشد، جو روٹ، جیسن رائے، بین اسٹوکس، ڈیوڈ ولی، کرس ووکس اور مارک وڈ پر مشتمل ہے۔اسکاٹ لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے اس اسکواڈ میں صرف ایک تبدیلی ہو گی اور وکٹ کیپر بلے باز جوز بٹلر کی جگہ بلنگز ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔ انگلش ٹیم اسکاٹ لینڈ کے خلاف ایک ون ڈے کھیلے گی اور اس کے بعد آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان 5ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔

شیئر: