Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی میں مصنوعی بارش برسانے کی تیاریاں

کراچی..... گزشتہ ماہ سے کراچی میں شدید ترین گرمی نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے ماہرین کے مطابق اس سال شہر قائد میں گرمی کی شدت ماضی کی نسبت غیر معمولی طور پر زیادہ ہے جس کی ایک وجہ عالمی سطح پر ماحولیاتی آلودگی بھی ہے۔ گزشتہ چند ہفتوں سے شہر میں جاری ہیٹ اسٹروک کے باعث کئی ہلاکتیں بھی ہو چکی ہیں۔ شہر میں کئی مقامات پر اس حوالے سے امدادی مراکز بھی قائم کیے گئے ہیں۔ موجودہ صورت حال کو دیکھتے ہوئے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نے حب ڈیم میں پانی کا ذخیرہ ختم ہونے کے باعث مصنوعی بارش کے منصوبے پر کام شروع کردیا ہے۔ باخبر ذرائع کے مطابق محکمہ ایک غیر ملکی کمپنی سے بات چیت کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہے جو کہ دبئی میں بھی مصنوعی بارش کے کامیاب تجربات کر چکی ہے۔ واضح رہے کہ حب ڈیم سے کراچی کو 100 ایم جی ڈی پانی فراہم کیا جاتا ہے ۔ حالیہ دنوں میں ڈیم کی سطح کم ہونے کے سبب صرف20ایم جی ڈی پانی فراہم کیا جا رہا ہے اور یہ کوٹہ بھی شاید عید تک کام آسکے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ واٹر بورڈ تاحال غیر ملکی کمپنی سے معاہدے کو حتمی شکل نہیں دے سکا ۔ واٹر بورڈ ذرائع نے توقع ظاہر کی کہ اگر فوری بارشیں نہ ہوئیں تو عید الفطر تک مصنوعی بارش کے منصوبے کو حتمی شکل دی جا سکتی ہے۔

شیئر: