Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان ٹیم آسان حریف نہیں تھی ، انگلش کپتان

 
لیڈز : انگلش کرکٹ ٹیم کے کپتان جوائے روٹ نے کہا کہ لارڈز میں شکست کے بعد کا ایک ہفتہ ہمارے لئے بہت مشکل اور کرب میں گزرا۔ لیڈز میں دوسرا ٹیسٹ جیتنے اور سیریز بچانے پر میں بہت خوش ہوں اور پوری ٹیم مطمئن ہے۔ روٹ نے مزید کہا کہ مجھے اپنے کھلاڑیوں پر فخر ہے۔ پاکستانی ٹیم اتنی آسان حریف نہیں تھی جتنی کہی جارہی تھی ۔مہمان ٹیم کا بولنگ اٹیک بہت خطرناک تھا۔ ہمیں اپنی کارکردگی طویل المیعاد بنیادوں پر آگے بڑھانے کی ضرورت ہے، ہر ٹیسٹ میں ہی امتحان سے گزرنا ہوتا ہے، پاکستان کا لارڈز ٹیسٹ جیتنا ہمارے لئے اچنبھے کی بات نہیں تھی کیونکہ ہمیں علم تھا کہ پاکستانی ٹیم متوازن ہے، وہ انگلش کنڈیشنز کو سامنے رکھ کر کئی اچھے بولروں کے ساتھ یہاں آئی ، ہمیں اندازہ تھا کہ پاکستانی اسکواڈہمیں حیران کرسکتا ہے۔روٹ نے کہا کہ لارڈز میں شکست کے بعد لیڈز میں ہم نے پورے منصوبے کے ساتھ میچ کھیلا تیسرے ہی دن اسے جیتنے میں بھی کامیاب ہو گئے۔ انگلش کپتان نے مزید کہا کہ پاکستان کے خلاف جیت طویل عرصے بعد ہمارے حصے میں آئی ہے لیکن ہمیں اپنی صلاحیتوں کا علم تھا، میں با ر بار کہتا ہوں کہ مجھے اپنے کھلاڑیوں پر فخر ہے، بلاشبہ پاکستان نے ہمیں پہلے ٹیسٹ میں مشکل سے دوچار کیا لیکن دوسرے ٹیسٹ میں کھلاڑیوں نے وہی کیا جس کے لئے وہ پوری دنیا میں مشہور ہیں بدلہ لینے میں کامیاب ہو گئے۔ روٹ نے فاسٹ بولرز جیمز اینڈرسن اور اسٹیورٹ براڈ کے حوالے سے کہا کہ یہ دونوں بولرز سب سے زیادہ وکٹیں لے چکے ہیں اور اسی وجہ سے انہیں بار بار موقع دیا جارہا تھا۔کوچ ٹریور بیلس کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ اچھے کوچ ہیں اورکسی شکست کا ملبہ کوچ پر گرانا درست نہیں ۔

شیئر: