آئی او ایس 12 آپریٹنگ سسٹم متعارف ،نئے فیچرز شامل
ایپل کمپنی کی جانب سے کیلیفورنیا میں منعقد ورلڈ وائیڈ ڈیویلپرز کانفرنس کے موقع پر آئی او ایس 12 آپریٹنگ سسٹم متعارف کرا دیا گیا ہے۔ نئے سسٹم میں پرفارمنس پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ کمپنی نے سسٹم میں آگمینٹڈ ریئلٹی کٹ 2 ، سری شارٹ کٹ اور نئی میجر ایپلیکیشن بھی پیش کی ہے۔ سری میں شامل کیے جانے والے نئے شارٹ کٹ کی مدد سے صارفین کی ای میل اور پیغامات کو اسکین کرکے میٹنگ سے متعلق یاددہانی کرائی جاسکے گی۔ سری اسسٹنٹ پہلے سے زیادہ اسمارٹ ہوگا جو وقت ، مقام اور صارفین کے کلینڈر کو سامنے رکھتے ہوئے معلومات دے گا۔ نئی آگمینٹڈ ریئلٹی کٹ کو بھی سسٹم کا حصہ بنایا گیا ہے جس میں ملٹی یوزر اے آر ، فیس ٹریکنگ ، رئیلسٹک رینڈرنگ اور تھری ڈی اوبجیکٹ ڈیٹکشن فیچرز کو پہلے سے بہتر بنایا گیا ہے۔فوٹوز اپلیکیشن کو اپ گریڈ کیا گیا ہے اور اس میں سرچنگ کے لئے تجاویز کو شامل کیا گیا ہے جس کی مدد سے صارفین اہم مقامات ، افراد یا مواقع کی تصاویر کو بآسانی اپنی لائبریری میں ہائی لائٹ کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ گذشتہ سالوں کی میموریز کیلئے بھی الگ ٹیب پیش کیا گیا ہے۔ ایپل نیوز ، آئی بک ، اسٹاکس ایپ اور وائس میموز اپلیکیشن کو بھی اپڈیٹ کیا گیا ہے۔ نئے آپریٹنگ سسٹم کے بعد اب آئی فون میں کار پلے کے لئے گوگل میپ کو بھی انسٹال کیا جا سکے گا۔ نئی ایموجیز اور تھری ڈی میموجیز کو بھی متعارف کرایا گیا ہے۔ آپریٹنگ سسٹم میں نوٹیفیکیشنز کو بھی پہلے سے بہتر بنایا گیا ہے اور اب صارفین اس بات کا تعین کر سکیں گے کہ وہ کس اپلیکیشن کے نوٹیفیکیشن اپنی لاک اسکرین پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ نوٹیفیکیشنز کو ایپلیکیشن کی کیٹگری کے حساب سے گروپ بھی کیا جا سکے گا۔ ایپل کی ویڈیو کالنگ اپلیکیشن فیس ٹائم میں گروپ کال کے فیچر کو بھی پیش کر دیا گیا ہے جس میں بیک وقت 32 افراد آڈیو یا ویڈیو کال کر سکیں گے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ تمام ڈیوائس جن میں آئی او ایس 11 آپریٹنگ سسٹم زیر استعمال ہے نئے سسٹم کو انسٹال کر سکیں گے۔