نگراں وفاقی کابینہ کا پہلا اجلاس،اہم فیصلے
اسلام آباد... نگراں کابینہ کا پہلا اجلاس نگراں وزیراعظم جسٹس(ر) ناصرالمک کی سربراہی میں ہوا۔اجلاس میں محکمہ داخلہ اور خزانہ کی جانب سے داخلی صورتحال اور معیشت کے حالات سے آگاہ کیا گیا۔ سیکریٹری داخلہ ارشد مرزا نے داخلی سیکیورٹی اور امنِ عامہ کے بارے میں بریفنگ دی ۔ سیکریٹری داخلہ نے کابینہ کو بتایا کہ وزارتِ داخلہ کی جانب سے آئندہ انتخابات کے پیشِ نظر الیکش کمیشن اور صوبائی حکومتوں کو اس طرح معاونت فراہم کی جارہی ہے جس سے 25 جولائی کو متوقع انتخابات کے شفاف اور آزادانہ انعقاد کو یقینی بنایا جاسکے۔ وزیرِ خزانہ شمشاد اختر نے وفاقی کابینہ کو ملکی معیشت کے حوالے سے جامع پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے بتایا کہ ملکی مجموعی پیداوار کی شرح نمو 6 فیصد ہونا غیر تسلی بخش ہے۔ کابینہ کی جانب سے اس بات پر زور دیا گیا کہ نگراں حکومت کی مدت کے دوران ملک کو درپیش معاشی مسائل حل کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ ملک میں ادائیگیوں کا توازن، معاشی خسارہ، قرض کے معاملات اور پبلک سیکٹر کے کاروبار کو بہتر انداز میں منظم کیا جا سکے۔ نگراں وزیراعظم نے وزارتِ خزانہ کو ہدایت کی کہ معاشی مسائل کے حل کے لئے جامع حکمتِ عملی ترتیب دی جائے اور اس کے تحت فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔ طویل بنیادوں پر اصلاحات کا خاکہ ترتیب دیا جائے جس پر آئندہ آنے والی حکومت کام کرسکے۔نگراں وزیرِاعظم کو ملک میں توانائی کی صورتحال پر وزارت توانائی کی جانب سے بھی بریفنگ دی گئی۔