ہاتھوں اور ناخنوں کی صفائی بھی اتنی ہی اہم ہے جتنی چہرے کی حفاظت ۔ خواتین کو ہاتھ کئی بار پانی میں ڈالنا پڑتے ہیں لہذا انہیں چاہیے کے ہر ہفتے مینی کیور ضرور کروائیں ۔ آپ چاہیں تو خود گھر پر بھی مینی کیور کر سکتی ہیں ۔ اس مقصد کے لیے جو اشیاء آپ کو درکار ہونگی ان میں روئی ، نیل پالش ، ریموور ، ایمری بورڈ ، پیٹرولیم جیلی ، بےبی آئل ، موسچرائزر اور ایک برش شامل ہیں ۔
سب سے پہلے نیل پالش ریموور اور روئی کی مدد سے پرانی پالش ناخنوں سے اتاریں ۔ ناخنوں کو رگڑنے سے قبل بھگولیں ورنہ جلدی ٹوٹ جائیں گے ۔ اب ایمری بورڈ سے ہر ناخن آرام سے رگڑیں ۔ رگڑنے کا عمل ناخن کے کونے سے شروع کریں اور ناخن کے درمیان میں لاکر ختم کریں ۔ پیٹرولیم جیلی کو ناخنوں کے اطراف میں لگائیں اور پھر ہاتھوں اور ناخنوں پر موسچرائزنگ کریم لگائیں ۔ اب تھوڑا سا بےبی آئل گرم کریں اور کسی پیالے میں نکال کر پانچ منٹ تک انگلیوں کی پوریں اس میں ڈبوئے رکھیں ۔ دانتوں کے برش کی مدد سے ناخنوں پر جمی ہوئی میل صاف کریں۔ گرم پانی سے ناخن دھوئیں اور پھر اچھی طرح خشک کرلیں ۔ اس کے بعد ان پر کوئی بھی اچھی سی کریم مل لیں ۔ ہر ہفتے یا مہینے میں کم از کم دو بار اپنے ہاتھوں پر تھوڑی سی توجہ ضرور دیں تاکہ یہ آپ کی شخصیت کا حصہ ہی دکھائی دیں ۔