’حکومت مخلوط ہوگی‘ عمران خان کا جیتنا ناممکن ‘پیشگوئی
کراچی- - - - پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ عام انتخابات کے بعد وفاق میں مخلوط حکومت بنے گی۔ کراچی میں احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان اور شہباز شریف کو سندھ تب یاد آتا ہے جب انتخابات قریب آ جائیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی کا مقابلہ ایسی تمام جماعتوں سے ہے جن کے کوئی اصول و ضوابط ہینہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ماہ ہونے والے انتخابات کے نتیجے میں وفاق میں مخلوط حکومت بنے گی جبکہ کراچی سے عمران خان کا جیتنا مشکل ہی نہیں، ناممکن ہے۔شرجیل میمن نے مزید کہا کہ سندھ کے دیگر حلقوں کے مقابلے میں میرے حلقے میں سب سے زیادہ ترقیاتی کام ہوئے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ لوگ مجھے کارکردگی کی بنیاد پر ایک بار پھر منتخب کریں گے۔مقدمات کے حوالے سے شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے علاوہ کسی بھی جماعت کے رہنماؤں کو کرپشن الزامات میں گرفتار نہیں کیا جاتا۔ نواز شریف کا تو وی آئی پی احتساب ہو رہا ہے جبکہ میں 8 ماہ سے جیل میں ہوں۔