سابق چیف جسٹس نے عمران خان کے کاغذات چیلنج کردیے
لاہور: سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس افتخار چوہدری نے لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 131 سے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے انتخابات کے لیے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی چیلنج کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ انہوں نے نکاح کے بغیر ایک خاتون کے ساتھ تعلقات قائم رکھے اور ان کی ایک بیٹی بھی ہے جس کا انہوں نے اپنے کاغذات نامزدگی میں ذکر نہیں کیا، لہٰذا وہ صادق اور امین نہیں رہے جس بنیاد پر ان کے این اے 131 سے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جائیں۔ نجی ادارے کی رپورٹ کے مطابق سابق چیف جسٹس کا درخواست میں کہنا ہے کہ انہوں نے ٹریسا کے ساتھ جو تعلقات رکھے وہ اسلامی معاشرے میں بدکاری کے زمرے میں آتے ہیں۔ 4 سو صفحات پر مشتمل درخواست میں عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔