کاغذات نامزدگی جمع کرانیوالے امیدواروں میں کمی
اسلام آباد ...الیکشن کمیشن کے ذرائع نے کہا ہے کہ 2013 کے مقابلے میں 2018 کے عام انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے امیدواروں کی تعداد کم ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ انتخابات کے مقابلے میں آئندہ عام انتخابات کےلئے امیدواروں کی تعداد میں 7 ہزار کی کمی ہوئی ۔ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق 2013 میں 28 ہزار 302 امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے تھے۔انتخابات 2018 کےلئے 21 ہزار 482 امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے۔ ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی میںخواتین کے لئے مختص نشستوں پر امیدواروں کی تعداد 350 سے بڑھ کر 436 ہوگئی ۔ صوبائی اسمبلیوں میں یہ تعداد 821 سے بڑھ کر 1255 ہوگئی ۔ قومی اسمبلی کے لئے اقلیتی امیدواروں کی تعداد میں کوئی رد و بدل نہیں ہوا۔ 2013 کی طرح اس مرتبہ بھی اقلیتی نشستوں پر 154 امیدوار سامنے آئے ہیں۔ واضح رہے کہ آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے لیے بیان حلفی جمع کرانا لازمی قرار دیا گیا جس کے پیش نظر کئی سیاستدانوں نے کاغذات نامزدگی جمع ہی نہیں کرائے ۔