درعیہ ادبی فیسٹیول میں تخلیقی صلاحیتوں کے ساتھ کہانی سنانے کا مقابلہ
درعیہ ادبی فیسٹیول میں تخلیقی صلاحیتوں کے ساتھ کہانی سنانے کا مقابلہ
ہفتہ 25 جنوری 2025 21:24
نامور اور ابھرتے ہوئے سعودی ناول نگاروں کا منتخب گروپ جمع ہو رہا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
درعیہ فیسٹیول میں ادب کے شوقین افراد کے لیے کہانی سنانے کے فن کی تخلیقی و ادبی صلاحیتوں سے بھرپور تقریب 30 جنوری سے 8 فروری تک منعقد کی جا رہی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ پروگرام درعیہ کے تین اہم مقامات بجیری ٹیرس، باب سمحان ہوٹل اور الذویہرہ فارم میں منعقد ہو گا جس میں منفرد تجربات پیش کئے جائیں گے۔
ادب کے میدان سے تعلق رکھنے والے 150 سے زائد مقررین، ماہرین اور پرفارمرز اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے ساتھ فیسٹیول میں شرکت کریں گے۔
ادبی میلے میں 50 سے زائد اشاعتی ادارے اور خصوصی لائبریریاں بھی حصہ لے رہی ہیں۔
فیسٹیول میں زائرین کو ماہرین کے ساتھ بات چیت کے مواقع فراہم کئے جائیں گا اس کے علاوہ کہانی سنانے کی فن اور مباحثے کے مختلف سیشنز کے ذریعے اپنے خیالات اور جذبات کا اظہار کرسکیں گے۔
حاضرین مختلف موضوعات کے حوالے سے ہونے والی ورکشاپس میں تحریری مواد، کہانی سنانا، موسیقی پروڈکشن، سکرین ڈیزائن، کتابوں کے سرورق کی تخلیق، ناول سیریز کو فلموں یا ڈراموں میں ڈھالنے کی صلاحیتیں اجاگر کر سکیں گے۔
فیسٹیول میں کتابوں کی نمائش کا بھی بندوبست کیا جا رہا ہے جہاں زائرین کتب بینی کا شوق پورا کریں گے ، کہانی سنانے کی پرفارمنس کے علاوہ پکوان کے مقابلے میں بھی حصہ لے سکتے ہیں۔
بچوں کی مہارت نکھارنے کے لیے دلچسپ ورکشاپس اور تھیٹر پرفارمنسز کے ذریعے مختصر کہانی سنانے کا خصوصی پروگرام بھی رکھا گیا ہے۔
ادبی شخصیات کو کہانی تخلیق کرنے اور سنانے کی تکنیک کے علاوہ فنکاروں سے کٹھ پتلی بنانے اور اس کی تکنیک پر بھی توجہ دی جائے گی۔
فیسٹیول میں آٹھ دن کے پروگرام میں پہلی بار نامور اور ابھرتے ہوئے سعودی مصنفین اور ناول نگاروں کا منتخب گروپ درعیہ میں جمع ہو رہا ہے۔
یہ فیسٹیول درعیہ سیزن کے خاص پروگراموں کا حصہ ہے جو ’اپنے ثقافتی تجسس کو اجاگر کریں’ کے عنوان کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے۔